Sunday , October 22 2017
Home / شہر کی خبریں / آج نصف شب سے پٹرول پمپس بند

آج نصف شب سے پٹرول پمپس بند

حیدرآباد۔ 10 اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پٹرولیم ڈیلرس اسوسی ایشن نے اپنے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کے مطالبہ پر اور سابقہ معاہدات پر عمل آوری پر زور دینے بطور احتجاج 12 اکتوبر کی نصف شب تا 13 اکتوبر کی رات 12 بجے تک ریاست بھر میں تمام پٹرول بینکس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اے راجیو صدر تلنگانہ پٹرولیم ڈیلرس اسوسی ایشن نے کہا کہ پٹرولیم ڈیلرس کے مسائل کی یکسوئی کیلئے گزشتہ نومبر میں مرکز نے رضامندی ظاہر کی تھی اور باقاعدہ معاہدات پر دستخط کے باوجود آج تک مسائل کی یکسوئی پر توجہ نہیں دی جارہی ہے جس کے پیش نظر اب اس مرتبہ تین پٹرولیم کمپنیوں بھارت پٹرولیم، ہندوستان پٹرولیم اور انڈین آئیل کارپوریشن کے تمام ڈیلروں پر مشتمل یونائٹیڈ پٹرولیم فرنٹ تشکیل دیتے ہوئے مرکزی و ریاستی حکومتوں پر دباؤ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ابتدائی اقدام کے تحت کل جمعرات کی نصف شب تا جمعہ کی نصف شب 24 گھنٹے پٹرول بینکس بند کردینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ صدر اسوسی ایشن نے بتایا کہ اگر حکومت 12 اکتوبر کے پٹرول بینکس بند پروگرام کے باوجود مسائل کی یکسوئی پر مثبت ردعمل ظاہر نہ کرے تو 27 اکتوبر سے غیرمعینہ مدت تک تمام پٹرول بینک بند کردینے کا فیصلہ کرتے ہوئے انتباہ دیا اور پٹرولیم اشیاء کو بھی جی ایس ٹی کے دائرہ اختیار میں لانے کا مطالبہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT