Saturday , September 23 2017
Home / Top Stories / آج یوم جمہوریہ، دہلی میں انتہائی سخت چوکسی

آج یوم جمہوریہ، دہلی میں انتہائی سخت چوکسی

نئی دہلی ۔ 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس اور نیم فوجی عملہ یوم جمہوریہ کے موقع پر کل نئی دہلی میں سخت چوکسی اختیار کرے گا۔ جانوروں کی نقل و حرکت پر بھی خصوصی نظر رکھی جائے گی کیونکہ محکمہ سراغ رسانی کو اطلاع ملی ہیکہ دہشت گرد گروپس مویشیوں کو خودکش بم برداروں کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں۔ دہلی پولیس کو ایک خصوصی ہدایت جاری کرتے ہوئے اطلاع دی گئی تھی کہ دہشت گرد گروپ مویشیوں کو پرہجوم علاقوں جیسے اہم عمارتوں، ریلوے اسٹیشنوں وغیرہ کو حملوں کا نشانہ بناکر عوام میں دہشت کی صورتحال پیدا کرسکتے ہیں۔ دہلی پولیس نے قبل ازیں ہدایت جاری کی تھی کہ دہشت گرد گروپس نئی ٹیکنکس استعمال کرسکتے ہیں۔ آج ایک خصوصی ہدایت جاری کرتے ہوئے اس قسم کے حملہ کے خلاف خبردار کیا گیا۔ دہلی پولیس کے خصوصی شعبہ نے یہ ہدایت جاری کی ہے اور ارکان عملہ کو سرقہ کئے ہوئے پالتو جانوروں پر گہری نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے کیونکہ دہشت گرد گروپس انہیں سرقہ کرکے دہشت گرد حملوں کیلئے استعمال کرسکتے ہیں۔ خصوصی انتظامات تاریخی راج پتھ پر کئے گئے ہیں جہاں صدرجمہوریہ پرنب مکرجی جو مسلح افواج کے سپریم کمانڈر بھی ہیں، ملک کی فوجی طاقت کے مظاہرہ کا مشاہدہ کریں گے۔ پوری وسطی اور نئی دہلی کے علاقہ میں 60 ہزار فوجی تعینات کئے گئے ہیں۔ دہلی پولیس اور مرکزی فوج سے منتخب کرکے انہیں گوشے گوشے کی نگرانی پر مامور کیا گیا ہے۔ خصوصی کمشنر پولیس مکیش کمار مینا نے کہا کہ بے عیب صیانتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ دہلی پولیس کے سینئر افسر علاقہ میں طلایہ گردی کرتے رہیں گے۔ سرحدوں کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔ حالیہ محکمہ سراغ رسانی کی اطلاعات کے پیش نظر کہ لشکرطیبہ جیسی دہشت گرد تنظیمیں امکان ہیکہ ہیلی کاپٹر چارٹر خدمات اور چارٹر پروازوں کے ذریعہ فضائی دہشت گرد حملے کرسکتے ہیں۔ دہلی پولیس دیگر صیانتی محکموں کے ساتھ سخت نگرانی رکھے ہوئے ہے۔ پولیس ڈرون ٹیکنالوجی کے انسداد کی ٹیکنالوجی استعمال کررہی ہے تاکہ کسی بھی حملہ کو ناکام بنایا جاسکے یا کسی بھی مشتبہ پرواز کرنے والی شئے کی کارروائی کو ناکام بنایا  جاسکے۔ بلند عمارتوں پر طیارہ  شکن توپوں کے ساتھ صیانتی عملہ تعینات کیا جائے گا۔ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ ہدایت کے بموجب صیانتی محکموں نے ریاستوں کو خبردار کیا ہیکہ فوج خطرات سے نمٹنے کا اچھا تجربہ رکھتی ہے۔ چنانچہ دہشت گرد اور مجرم گروپس روایتی ہتھیار استعمال کرنے کے بجائے نئی ٹیکنکس اور نئی حکمت عملی اختیار کرسکتے ہیں۔ فوج اور پولیس تلاشی مہم کے ذریعہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ راج پتھ کا علاقہ بالکل محفوظ بنایا جاسکے۔ اندیشہ ہیکہ دہشت گرد فوجی وردی میں ملبوس ہوکر فضائی حملے کریں۔ ان کی شناخت اور تلاشی کیلئے کافی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ بعض مسلم انتہاء پسند تنظیمیں 9/11 نوعیت کے حملوں کی سازش کررہی  ہیں جس کیلئے طیاروں میں ہتھیار اور جنگجوؤں کو منتقل کیا جائے گا۔ 10:35 بجے دن سے 12:15 بجے دوپہر تک کسی بھی قسم کی تجارتی پرواز کو اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر اترنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دہلی پولیس وائرلیس متحدہ عوامی خطاب نظام استعمال کرے گی تاکہ پرہجوم مقامات پر اور بازاروں میں حفاظتی انتظامات میں اضافہ کیا جاسکے۔ 31 پرہجوم مقامات اور بازاروں اور 13 میٹرو اسٹیشنس کی نشاندہی کی گئی ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT