Saturday , October 21 2017
Home / شہر کی خبریں / آر ٹی سی بسوں میں بھی ’’وائی فائی‘‘ انٹرنیٹ کی سہولت پر غور

آر ٹی سی بسوں میں بھی ’’وائی فائی‘‘ انٹرنیٹ کی سہولت پر غور

بس سفر کو فروغ دینے کی تجویز، ایم ڈی کارپوریشن جی وی رمنا راؤ

حیدرآباد 18 اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کو انٹرنیٹ سے مربوط کرتے ہوئے شہریوں کو آسانی سے وائی فائی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کے آغاز کے ساتھ شہر کے کئی مقامات پر حکومت کی جانب سے وائی فائی سہولت فراہم کی جانے لگی ہے۔ شہر میں چلائی جانے والی  آر ٹی سی بسوں میں بھی انٹرنیٹ کی سہولت کے متعلق مختلف محکمہ جات کی جانب سے غور کیا جارہا ہے تاکہ نہ صرف آر ٹی سی بس کے سفر کو فروغ دیا جاسکے بلکہ شہریوں کو محفوظ سفر یقینی بنانے کے اقدامات کئے جاسکیں۔ گزشتہ دنوں تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے مہاتما گاندھی بس اسٹیشن کو وائی فائی سہولت سے مربوط کرتے ہوئے عصری سہولتوں کی سمت پیشرفت کا آغاز کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جوائنٹ منیجنگ ڈائرکٹر مسٹر جی وی رمنا راؤ نے بسوں میں وائی فائی سہولت کے متعلق جائزہ لینے کا تیقن دیا ہے۔ مختلف تنظیموں کی جانب سے شہر اور اضلاع کی بسوں میں وائی فائی سہولت کی فراہمی کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں نمائندگی کی گئی ہے تاکہ بس کے سفر کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ آر ٹی سی بس کے ذریعہ سفر کی جانب مسافرین کو راغب کروایا جاسکے۔ مہاتما گاندھی بس اسٹیشن کے ذریعہ روزانہ 3600 بسیں مختلف اضلاع کے لئے روانہ ہوتی ہیں جن سے ہزاروں مسافرین شہر پہونچنے کے علاوہ مختلف اضلاع کا سفر کرتے ہیں۔ اِن مسافرین کو وائی فائی جیسی عصری سہولت کی فراہمی سے کافی فائدہ حاصل ہوسکتا ہے۔ شہر میں آئے دن پیش آنے والے دھوکہ دہی کے واقعات کے تدارک اور مسافرین کی رہنمائی کے لئے وائی فائی کی سہولت کافی حد تک فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔ دونوں شہروں میں موجود سرکاری بسوں کے بس اسٹانڈس کی حالت بہتر بناتے ہوئے اُنھیں بھی وائی فائی جیسی عصری سہولت سے مربوط کرتے ہوئے مسافرین کی تعداد میں بھاری اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ آر ٹی سی کو ہونے والے نقصانات کی پابجائی کے لئے اگر آر ٹی سی شہریوں کو بہتر سہولت کی فراہمی کے ساتھ عصری سہولت بالخصوص وائی فائی اور بسوں کی آمد و رفت کے اوقات کار وغیرہ بذریعہ انٹرنیٹ فراہم کرتی ہے تو ایسی صورت میں مسافرین کی آر ٹی سی سے سفر میں دلچسپی بڑھائی جاسکتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT