Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / آر ٹی سی بس کرایوں میں اضافہ ، پیر سے عمل آوری

آر ٹی سی بس کرایوں میں اضافہ ، پیر سے عمل آوری

کارپوریشن پر 2,275 کرو ڑروپئے قرض کا بوجھ ، 1200 نئی بسیں خریدنے کا منصوبہ

حیدرآباد۔ 23 جون (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ٹی ایس آر ٹی سی بس کرایوں میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے اور ان اضافوں پر 27 جون سے عمل آوری ہوگی۔ آج شام یہاں تلنگانہ سیکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ تلنگانہ مسٹر پی مہیندر ریڈی نے آر ٹی سی بس کرایوں میں اضافہ کا باقاعدہ طور پر اعلان کیا اور کہا کہ آر ٹی سی کے خسارہ میں روز بروزہ اضافہ کے باعث بس کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہوچکا تھا۔ اس کے باوجود حکومت نے عوام پر کوئی زائد مالی بوجھ عائد کئے بغیر معمولی اضافہ کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن پر فی الوقت جملہ 2,275 کروڑ روپئے قرض کا بوجھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایس آر ٹی سی کو یومیہ 9 کروڑ روپئے کی آمدنی ضرور ہے لیکن یومیہ 11 کروڑ روپئے کے مصارف بھی عائد ہورہے ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ بس کرایوں میں اضافہ سے آر ٹی سی کو جملہ 286 کروڑ روپئے حاصل ہوں گے اور ان اضافوں کے باوجود دیگر ریاستوں سے تقابل کیا جائے تو تلنگانہ میں آر ٹی سی بس کرایوں کی شرح بہت کم ہے۔ مہیندر ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ آر ٹی سی کو نفع بخش بنانے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور عوام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے ذریعہ آر ٹی سی کو نفع بخش بنانے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات دی ہیں۔ ریاست میں عوام کو بس کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے مقصد سے 1200 نئی بسیں خریدی جارہی ہیں اور خانگی غیرمجاز طور پر چلائی جانے والی بسوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے تاکہ ان سے آر ٹی سی ہونے والے خسارہ کو ختم کیا جاسکے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے آر ٹی سی بس کرایوں میں اضافہ کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ پلے ویلگو بسوں کیلئے 30 کیلومیٹر کے فاصلہ تک کیلئے ایک روپئے کا اضافہ کیا گیا اور 30 کیلومیٹر سے اضافہ فاصلہ کیلئے 2 روپئے کا اضافہ کیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں سٹی بسیں، ڈیلکس بسوں ایرکنڈیشنڈ بسوں کے کرایوں میں 10% (یعنی موجودہ 100 روپئے کرایہ کے بجائے اب 110 روپئے کیا جائے گا) کا اضافہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی کے خسارہ میں کمی کرنے کیلئے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ سال 2013ء میں آر ٹی سی بس کرایوں میں اضافہ کیا گیا تھا جبکہ دیگر ریاستوں میں ایک سال قبل ہی بس کرایوں میں اضافہ کیا گیا۔ مہیندر ریڈی نے بتایا کہ ایکسپریس بس سرویس کے فی کیلومیٹر موجودہ کرایہ 79 پیسے سے بڑھاکر 87 پیسے کئے گئے۔ ڈیلکس کے موجودہ فی کیلومیٹر کرایہ 89 پیسے سے بڑھاکر 98 پیسے کئے گئے۔ سوپر لگژری کے موجودہ فی کیلومیٹر کرایہ 105 پیسے سے بڑھاکر 116 پیسے، اندرا اے سی بس کے موجودہ فی کیلومیٹر کرایہ 132 پیسے سے بڑھاکر 146 پیسے، گروڈا بس کے موجودہ فی کیلومیٹر کرایہ 155 پیسے سے بڑھاکر 171 پیسے اور گروڈا پلس کے موجودہ فی کیلومیٹر 165 پیسے سے بڑھاکر 182 پیسے کئے گئے۔ اس موقع پر صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن مسٹر ایس ستیہ نارائنا اور مینیجنگ ڈائریکٹر ٹی ایس آر ٹی سی مسٹر جی وی رمنا راؤ کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT