Sunday , August 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / آسٹریلیائی مالی تنازعہ کے حل ہونے کا امکان

آسٹریلیائی مالی تنازعہ کے حل ہونے کا امکان

سڈنی۔24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )کرکٹ آسٹریلیا نے امید ظاہر کی ہے کہ جلد کھلاڑیوں کے معاوضوں کے معاملے پر اے سی اے سے تنازعہ حل ہو جائے گا۔ بورڈترجمان نے کہا ہے کہ آسٹریلین کرکٹرز اسوسی ایشن کے سربراہ الیسٹر نکولسن اور سی اے کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدر لینڈ کے درمیان گزشتہ روز چار گھنٹے طویل ملاقات مثبت رہی۔ بورڈ ترجمان کے مطابق دنوں کے درمیان ہونے والی ملاقات کی تفصیلات کو عام نہیں کیا جائے گا لیکن بہت سے مسائل پر مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلین کرکٹ اسوسی ایشن سے مسلسل رابطے میں ہیں اورہر ممکن کوشش کی جارہی ہے کہ ایم او یو کا ڈرافٹ جلد مکمل ہو جائے۔ اس لئے آنے والے دنوں میں حکام کے درمیان مزید بات چیت اور ملاقاتیں ہوں گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے پاس وقت بہت کم رہ گیا ہے اور اس دباؤ کا فائدہ اے سی اے کو ہو سکتا ہے لہٰذا کھلاڑی اپنے مطالبات تسلیم کرواسکتے ہیں۔ میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ اب بھی کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کی نمائندہ تنظیم کے درمیان بے اعتمادی کی فضا برقرا ر ہے جو اس تنازعہ کے حل میں بڑی رکاوٹ ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدر لینڈ نے الیسٹرنکولسن کے سامنے اعتراض کیا کہ کیوں ہر کھلاڑی کو ایم او یو کی تفصیلات سے آگاہ کرنا ضروری ہے جس پر نکولسن نے جواب دیا کہ تمام کھلاڑی چاہتے ہیں کہ یہ معاملہ آگے بڑھے اور مالی تنازعہ میں جلد مثبت پیش رفت ہو سکے۔ الیسٹرنکولسن کے مطابق پچھلا ایم او یو ڈرافٹ مکمل ہونے میں 18ماہ لگے تھے۔ کرکٹرز اسوسی ایشن اس معاملے پر جمی برف کو ختم کرنا چاہتی ہے اس لئے ہر ممکن تعاون کر رہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT