Monday , September 25 2017
Home / دنیا / آسٹریلیا میں مسلمانوں کی پہلی سیاسی جماعت کا قیام

آسٹریلیا میں مسلمانوں کی پہلی سیاسی جماعت کا قیام

ملبورن ۔ 17 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا میں مسلمانوں کی نمائندگی کے لیے پہلی سیاسی جماعت کا قیام عمل میں آیا ہے اور اس جماعت نے اگلے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں آسٹریلین مسلم پارٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے اس کے بانی دیا محمد نے نے کہا کہ اس جماعت کے قیام کا مقصد مسلمانوں کی آواز لوگوں تک پہنچانا ہے۔ انھوں نے کہا: ’یہاں بہت سی جماعتیں ہیں جو خصوصاً اسلام اور مسلمان مخالف ہیں لیکن مسلمانوں کی نمائندگی کرنے والی کوئی جماعت نہیں ہے۔‘ آسٹریلیا میں اسلام مخالف بہت سی جماعتیں ہیں جن میں سے ایک جماعت کی حمایت ممبر پارلیمنٹ گیرٹ ولڈرز کرتے ہیں۔ 34 سالہ بزنس مین دیا محمد نے پیرس حملوں کے فوری بعد جماعت کے قیام کا اعلان کرنے کے فیصلے کا دفاع کیا۔ انھوں نے اے بی سی کے صبح کے پروگرام کو بتایا: ’حالیہ واقعے کے بارے میں آنے والے دنوں میں بہت سے سوالات اٹھائے جائیں گے اور یہی وجہ ہے کہ ہم نے یہ جماعت قائم کی ہے۔ اس لیے یہ سیاسی جماعت کے قیام کا صحیح وقت ہے۔‘ انھوں نے پیرس حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ اسلام میں معصوم شہریوں کو ہلاک کرنا سختی سے منع ہے۔ تاہم انھوں نے کہا کہ ان کی جماعت کبھی بھی پیرس جیسے واقعات کے بعد کسی مسلمان ملک کے خلاف جارحیت کی حمایت نہیں کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT