Wednesday , October 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

فیصلہ کن میچ میں ہاشم آملہ کے 97 رنز رائیگاں ۔ وارنر کو ’مین آف دی سیریز‘ ایوارڈ
کیپ ٹاؤن ، 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا نے تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-1 جیت لی۔ کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان فیف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کوئنٹن ڈی کاک اور ہاشم آملہ نے 47 رنز کی پہلی شراکت قائم کی اور ڈی کاک 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم ہاشم آملہ نے بعد میں آنے والے بلے بازوں کے ساتھ شاندار شراکت قائم کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو ایک اچھا اسکور ترتیب میں دینے میں بنیادی کردار ادا کیا۔ کپتان فیف ڈوپلیسی 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیوڈ ملر نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔ ہاشم آملہ 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 97 رنز کی بڑی اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ آسٹریلیا نے شین واٹسن اور کپتان اسمتھ کی ذمہ دارانہ بلے بازی کے بدولت مطلوبہ ٹارگٹ حاصل کیا۔ آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 76 رنزپر گری جب واٹسن42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عثمان خواجہ 33 رنزبنا کر پویلین لوٹے۔ اسمتھ نے 44 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ گلین میکسویل کے ناقابل شکست 19 اور مچل مارش کے 4 رنز کے بدولت آسٹریلیا نے آخری اوور کی دوسری گیند میں 181 رنز بنا کر سیریز جیت لی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے عمران طاہر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہاشم آملہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیاجبکہ ڈیوڈ وارنر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

TOPPOPULARRECENT