Thursday , October 19 2017
Home / Top Stories / آسٹریلیا کو پہلی مرتبہ 5-0 کا وائٹ واش

آسٹریلیا کو پہلی مرتبہ 5-0 کا وائٹ واش

کیپ ٹاؤن۔13 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ نے عالمی چمپیئن آسٹریلیا کو 5 میچوں کی ونڈے سیریز کے آخری میچ میں 31 رنز سے شکست دے کر 0-5 سے وائٹ واش کردیا اور یہ پہلا موقع ہے ک آسٹریلیائی ٹیم کے کسی ونڈے سیریز میں ایسی شرمناک شکست برداشت کرنی پڑی ہے ۔کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو شروع میں غلط دکھائی دے رہا تھا تاہم ریلی روسو اور جے پی ڈومینی نے کپتان کے اس فیصلے کو اپنی ٹیم کے حق میں کردیا۔ روسو اور ڈومینی نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 178 رنز بنا کر جنوبی افریقہ کی کمزور شروعات کو مستحکم کردیا اور جب اسکور 230 پر پہنچاتھا تو ڈومینی 73 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔جنوبی افریقہ کے اوپنر ہاشم آملہ 25، کوئنٹن ڈی کوک 12 اور ڈوپلیسی 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے، اس وقت میزبان ٹیم کا اسکور 52 رنز تھا۔روسو نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 122 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ڈیوڈ ملر 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 327 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے کرس ٹریمین اور جو مینی نے فی کس 3 وکٹیں حاصل کیں۔ایک مشکل نشانہ کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز عمدہ تھا

اور آرون فنچ 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور72 رنز تھا تاہم ڈیوڈ وارنر نے مردبحران کا کردار ادا کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن کوئی دوسرا بیٹسمین ان کا ساتھ دینے میں ناکام رہا۔مچل مارش اور میتھیو ویڈ نے فی کس35 رنزبنا کر وارنر کا ساتھ دیا لیکن یہ ناکافی تھا ایک وقت میں جب وارنر اور ویڈ کے درمیان 90 رنز کی شراکت بنی تھی تو ایسا لگ رہا تھا کہ آسٹریلیا میچ کو جیت سکے گا لیکن ویڈ وکٹ پر مزید ٹھہر نہیں سکے اور ایبٹ کا نشانہ بنے۔آسٹریلیا کے سات بیٹسمین دہرے ہندسے کو عبور کرنے میں ناکام ہوئے اور وارنر کی ریکارڈ بیٹنگ مہمان ٹیم کو کامیابی نہیں دلواپائی۔ ڈیوڈ وارنر نے سب سے زیادہ برق رفتار 173 رنز بنائے جس میں 24 چوکے شامل ہیں۔آسٹریلیا کی پوری ٹیم 49 ویں اوور کی دوسری گیند پر 296 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور میچ میں 31 رنز سے شکست ہوئی۔ عمران طاہر، کائل ایبٹ اور کگیسو رابادا نے فی کس 2 وکٹں حاصل کیں۔جنوبی افریقہ نے اس جیت کے ساتھ عالمی چمپیئن کو وائٹ واش کیا یہ آسٹریلیا کے خلاف ان کی پہلی وائٹ واش تھی جبکہ مجموعی طور پر چوتھی کلین سوئپ کامیابی ہے۔ڈیوڈ وارنر کو میچ کا اور ریلی روسو کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ ورلڈکپ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اسٹیون اسمتھ کی زیرقیادت آسٹریلیائی ٹیم کے بیرون ملک مظاہرے مایوس کن رہے جیسا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ونڈے سیریز میں 5-0 کی شرمناک شکست سے قبل اِسے دورہ سری لنکا پر بھی ٹسٹ سیریز میں ہزیمت برداشت کرنی پڑی تھی۔ اس دورہ پر منعقدہ تین مقابلوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو بہتر شروعات کے باوجود 3-0 کی شکست ہوئی تھی۔

TOPPOPULARRECENT