Wednesday , September 20 2017
Home / Top Stories / آسٹریلیا کو 28 برس بعد گھریلو میدان میں پہلی شکست

آسٹریلیا کو 28 برس بعد گھریلو میدان میں پہلی شکست

جنوبی افریقہ پرتھ ٹسٹ میں 177 رنز سے فاتح

پرتھ۔7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ نے کگیسو ربادا کی عمدہ بولنگ کی بدولت آسٹریلیا کو پہلے ٹسٹ میچ میں 177 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔پرتھ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹسٹ میچ کے پانچویں دن آسٹریلیا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 169 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو عثمان خواجہ اور مچل مارش وکٹ پر موجود تھے۔دونوں کھلاڑیوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور میں بتدریج اضافہ کرنا شروع کیا لیکن 196 کے مجموعی اسکور پر ربادا کی گیند پر مارش کو ایل بی ڈبلیو قرار دے دیا گیا۔میدان پر موجود امپائر نے مارش کو ناٹ آؤٹ قرار دیا لیکن جنوبی افریقی ٹیم نے ریویو لینے کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا اور مارش آؤٹ قرار دیا۔آدھی ٹیم آؤٹ ہونے کے بعد پیٹر نیول اور عثمان خواجہ نے چھٹی وکٹ کیلئے 50 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم شکست سے محفوظ رکھنے کی ناکامکوشش کی لیکن سنچری سے تین رنز کی کمی پر عثمان نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر جے پی ڈومینی کے شکار بن گئے جبکہ اسٹارک اور سڈل کی اننگز بھی جلد اختتام پذیر ہوئیں۔جوش ہیزل وڈ نے نیول کے ساتھ مل کر نویں وکٹ کیلئے 65 رنز کی شراکت قائم کی اور جنوبی افریقی ٹیم کے صبر کا امتحان لیا لیکن ان یہ کاوش بھی شکست کو زیادہ دیر نہ ٹال سکی اور پوری ٹیم 361 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ہیزل وڈ نے 29 رنز بنائے جبکہ پیٹر نیول 60 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔کگیسو ربادا پانچ وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے اور انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔قبل ازیں جس وقت جنوبی افریقہ نے مقابلے کے آغاز پر ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا تب مہمان کپتان فاف ڈیوپلیسی کا یہ فیصلہ غلط ثابت ہوتا دکھائی دیا جب جنوبی افریقی ٹیم نے ابتداء میں صرف 32 رنز پر اپنے 4 کھلاڑیوں کا نقصان برداشت کیا تھا اور پہلی اننگز میں اس نے 242 رنز اسکور کئے تھے اور دوسری جانب دوسرے دن کھیل کے اختتام پر آسٹریلیائی ٹیم نے اپنے اوپنر ڈیوڈ وارنر کی برق رفتار اننگز کی بدولت بغیر کسی نقصان کے 158 رنز اسکور کرلئے تھے اور وہ ایک ہمالیائی اسکور کی سمت گامزن تھی لیکن تیسرے دن جنوبی افریقی ٹیم کی مقابلے میں ڈرامائی واپسی ہوئی جس نے پہلے میزبان ٹیم کو پہلی اننگز میں 244 رنز پر آل آوٹ کیا پھر جے پی ڈومینی(141)  اور اوپنر ڈین ایلگر(127) کی سنچریوں کی بدولت اپنی دوسری اننگز 8 وکٹوں کے نقصان پر 540 رنز پر ختم کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو کامیابی کے لئے 538 رنز کا ایک مشکل ترین نشانہ دیا۔عثمان خواجہ نے اپنی 253 گیندوں کی اننگز میں 11 چوکے اور 3 چھکے لگائے اور لوور آرڈر بیسٹمینوں کے ساتھ چند ایک بہتر رفاقت نبھائی لیکن وہ نہ اپنی سنچری مکمل کرسکے اور نہ نہیں ٹیم کو شکست سے محفوظ رکھ پائے۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹسٹ میچ 12 نومبر سے ہوبارٹ کھیلا جائے گا جس کے لئے آسٹریلیائی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اوپنر جیو برنس اور کالم فرگوسن کو شامل کیا گیا ہے جبکہ اوپنر شان مارش انگلی کے زخم کی وجہ سے دوسرے ٹسٹ سے باہر ہوچکے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT