Thursday , September 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / آسٹریلیا کی دستبرداری ہرگز درست نہیں : شہریار

آسٹریلیا کی دستبرداری ہرگز درست نہیں : شہریار

بنگلہ دیش میں انڈر 19 ورلڈ کپ کھیلنے سے انکار چھوٹے ملکوں پر دباؤ کے مانند
لندن ، 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کا بنگلہ دیش میں انڈر 19 ورلڈ کپ میں کھیلنے سے انکار بڑے ملکوں کی چھوٹے ملکوں کو دباؤ میں لانے کی کوشش ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا نے سکیورٹی کے خدشات کے سبب اپنی انڈر 19 ٹیم بنگلہ دیش نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہریارخان نے برطانوی نشریاتی ادارہ کو انٹرویو میں کہا کہ آسٹریلیا کو خود اتنا بڑا فیصلہ کرنے سے پہلے آئی سی سی کے سکیورٹی ماہرین سے بنگلہ دیش کی صورتحال کے بارے میں معلوم کرنا چاہئے تھا۔ عین وقت پر ٹیم بھیجنے سے انکار ہرگز درست نہیں اور اس کے نتیجے میں آسٹریلیا پر جرمانہ ہونا چاہئے۔ شہریارخان نے کہا کہ محض شک کی بنیاد پر آئی سی سی کے ایونٹ سے دستبرداری اختیار کرلینا تشویشناک بات ہے۔ انھوں نے کہا کہ صرف ایک اطالوی شخص کی ہلاکت کو بنیاد بناکر آسٹریلیا نے گزشتہ اکٹوبر میں اپنی ٹیم بنگلہ دیش بھیجنے سے انکار کردیا تھا حالانکہ سڈنی میں بھی روزانہ ٹریفک کے حادثات میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوتی ہیں۔ شہریارخان نے کہا کہ پاکستان کو بنگلہ دیش میں کھیلنے میں کوئی خطرہ نہیں ہے۔ پاکستانی ٹیم جب گزشتہ سال بنگلہ دیش گئی تھی تو وہاں کے شائقین نے پاکستانی ٹیم کا خیرمقدم کیا تھا۔ ہند۔پاک کرکٹ سے متعلق پوچھنے پر شہریارخان نے کہا کہ انھیں توقع ہے کہ پٹھان کوٹ کا حالیہ واقعہ دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ روابط کی بحالی میں رکاوٹ نہیں بنے گا حالانکہ سشما سوراج اور ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کے دورۂ پاکستان سے بھی دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ شروع نہیں ہوسکی لیکن امید ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کا عمل شروع ہونے سے کرکٹ پر بھی مثبت اثر پڑے گا۔ شہریارخان نے اپنی اس بات کو دہراتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں پاکستانی ٹیم کی شرکت کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ نہیں بلکہ پاکستانی حکومت کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT