Monday , September 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / آسٹریلیا کے خلاف انگلینڈ کو یقینی شکست

آسٹریلیا کے خلاف انگلینڈ کو یقینی شکست

اوول ۔ 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اوول میں آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز کے پانچویں ٹیسٹ میچ میں میزبان انگلینڈ کو اننگز کی شکست کا سامنا ہے۔میچ کے چوتھے دن اب سے کچھ دیر قبل انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں نو کھلاڑیوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے تھے جبکہ اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 66 رنز درکار ہیں۔میچ کا تفصیلی سکور کارڈاس وقت کریز پر معین علی اور سٹیون فن موجود ہیں جو اپنی ٹیم کو اس ہزیمت سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اتوار کو آسٹریلوی بولر مزید تین انگلش وکٹیں لینے میں کامیاب رہے ہیں۔ چوتھے دن انگلینڈ کی جانب سے مارک وْڈ اور جوس بٹلر نے 203 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور ساتویں وکٹ کی شراکت میں مزید 22 رنز بنائے۔اس شراکت کو مارک وْڈ کو چھ کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو کر کے توڑا جبکہ بٹلر 42 رنز بنانے کے بعد مچل مارش کی دوسری وکٹ بنے۔مچل مارش نے دونوں اننگز میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا ہے۔بارش کے بعد جب میچ دوبارہ شروع ہوا تو پیٹر سڈل نے سٹوئرٹ براڈ کو بولڈ کر کے آسٹریلیا کو فتح سے ایک وکٹ کی دوری پر پہنچا دیا۔آسٹریلیا کی جانب سے سڈل تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ نیتھن لیون

اور مچل مارش نے دو، دو جبکہ سٹیو سمتھ اور مچل جانسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل سنیچر کو میچ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے تھے۔انگلش ٹیم تیسرے دن پہلے سیشن میں اپنی پہلی اننگز میں 149 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور اسے فالو آن پر مجبور ہونا پڑا تھا۔ اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 481 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔سٹوارٹ براڈ اور معین علی اپنی ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل اس سیریز میں انگلینڈ کو تین ایک کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہے۔ ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے ایشز ٹیسٹ سیریز کے چوتھے میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو ایک اننگز اور 78 رنز سے شکست دے کر ایشز ٹرافی دوبارہ حاصل کی تھی۔کارڈف میں ایشز ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 169 رنز سے شکست دی تھی تاہم لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 405 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی تھی۔اس کے بعد برمنگھم میں کھیلے جانے والے ایشز سیریز کے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر برتری حاصل کر لی تھی۔

TOPPOPULARRECENT