Wednesday , August 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / آملہ نے سنچریوں میں سعیدانوراورڈی ویلیئرز کو پیچھے چھوڑ دیا

آملہ نے سنچریوں میں سعیدانوراورڈی ویلیئرز کو پیچھے چھوڑ دیا

سنچورین۔20 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے اوپنر ہاشم آملہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں شاندار سنچری اسکور کی جو ریکارڈ ساز ہونے کے علاوہ  یہ ان کے ونڈے کیریئر کی 21 ویں سنچری ہے اور  اس کے ساتھ ہی انہوں نے سب سے زیادہ سنچریوں کے فہرست میں پاکستان کے سابق اوپنر  سعید انور اور اے بی ڈی  ویلیئرز کی زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا اور 21 سنچریاں بنا کر ہرشل گبس کے برابر ہو گئے ۔ اس ریکارڈ ساز سنچری  کے ساتھ ساتھ ہاشم آملہ نے ونڈے میں زیادہ رنزوں کی فہرست میں کارل ہوپر، رام نریش سروان، شعیب ملک اور رمیزراجہ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔آملہ کی اس ریکارڈ ساز سنچری کی بدولت  سیریز کے پہلے ونڈے  میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو 20 رنز سے شکست دی  ہے۔ اوپنر آملہ کے 124 رنز کی بدولت میزبان ٹیم  نے 7 وکٹ پر 304 رنز اسکور کئے۔

 

جوابی اننگز میں نیوزی لینڈ نے  284 رنز اسکور کئے ۔ ٹام لیتھم کی نصف سنچری رائیگاں گئی۔ جنوبی افریقی بیٹسمین ہاشم آملہ نے سنچری سے فارم میں واپسی کا اعلان کیا، انھوں نے126 گیندوں پر 124 رنز بنائے اور اس اننگز میں 13 چوکے اور 3 چھکے شامل رہے۔ آملانے ریلی روسیو (89) کے ہمراہ دوسری وکٹ کیلیے 185 کی شراکت بنا کر ٹیم کا مجموعہ 7 وکٹ پر 304 تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس دوران اوپنر کو74 کے انفرادی اسکور پر ایک موقع  بھی ملا جب کولن منرو کی گیند پر کور  پر موجود ٹام لیتھم ڈائیو لگانے کے باوجود کیچ نہیں تھام سکے۔ مہمان ٹیم جوابی اننگز میں 48.1 اوورز میں 284 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اوپنر ٹام لیتھم 60 اورکین ولیمسن 47 رنز بنا کر پویلین واپس گئے۔ مارٹن گپٹل 25 رنز سے آگے نہ بڑھ سکے۔ جمی نیشم نے 41 اورکولن منرو نے 33 رنز بنا کر بڑے نشانے کا تعاقب کرنا چاہا لیکن  ناکام رہے۔ ڈیل اسٹین، ورنان فلینڈر، عمران طاہر اور ڈیوڈ ویسی نے  فی کس 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہاشم آملہ کو شاندار اننگز اور ریکارڈ سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT