Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / آندھراپردیش اسمبلی میں جی ایس ٹی بل منظور

آندھراپردیش اسمبلی میں جی ایس ٹی بل منظور

ملک میں معاشی انقلاب کی راہ ہموار ہوگی : چندرابابو ۔اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس کا احتجاج
حیدرآباد 16 مئی (سیاست نیوز) آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی میں آج اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس کی زبردست ہنگامہ آرائی و نعرہ بازی کے دوران جی ایس ٹی بل منظور کرلیا گیا۔ اسپیکر ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ نے اِس بل کی منظوری کے لئے خصوصی اجلاس طلب کیا تھا۔ آج جیسے ہی کارروائی کا آغاز ہوا وزیر فینانس و اُمور مقننہ وائی رام کرشنوڈو نے جی ایس ٹی بل ایوان میں پیش کیا۔ اُنھوں نے اِس موقع پر کہاکہ دنیا بھر میں جی ایس ٹی پر عمل کیا جارہا ہے اور آندھراپردیش کے عوام کے مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اِس بل کی منظوری ضروری ہے کیوں کہ ٹیکسیس کے بوجھ کی وجہ سے عوام مشکلات سے دوچار ہیں۔ مرکزی حکومت نے ملک بھر میں ایک ہی ٹیکس کا طریقہ کار اپناتے ہوئے جی ایس ٹی بل متعارف کیا ہے۔ بی جے پی رکن اسمبلی وشنو کمار نے کہاکہ جی ایس ٹی بل کی سارے ملک میں ستائش کی جارہی ہے۔ اُنھوں نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی ارکان کے طرز عمل پر تنقید کی اور کہاکہ اپوزیشن کو اسپیکر کی رائے کا احترام کرنا چاہئے۔ رکن اسمبلی مسٹر آنند راؤ نے کہاکہ جی ایس ٹی بل کی وجہ سے عوام پر ٹیکس کا بوجھ کم ہوگا۔ چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ’’ایک ملک ایک ٹیکس‘‘ کو متعارف کرتے ہوئے جی ایس ٹی نافذ کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ تمام ریاستیں یہ بل منظور کررہی ہیں۔ اِس سے ایک نئے معاشی انقلاب کی راہ ہموار ہوگی۔ اسمبلی میں چیف منسٹر اور دیگر ارکان کے اظہار خیال کے دوران وائی ایس آر پارٹی کے ارکان مسلسل احتجاج کررہے تھے اور اُنھوں نے اسپیکر کے پوڈیم تک پہونچ کر اُن کی کرسی کو گھیر لیا تھا۔ تاہم احتجاج کے دوران ہی یہ بل منظور کرلیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT