Wednesday , August 23 2017
Home / Top Stories / آندھرا پردیش میں طوفانی بارش کا امکان، تلنگانہ میں بھی ژالہ باری ہوگی

آندھرا پردیش میں طوفانی بارش کا امکان، تلنگانہ میں بھی ژالہ باری ہوگی

خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ کا اثر، نیلور میںطوفانی ہوائیں چل رہی ہیں، ضلع کلکٹرس کو چوکسی کی ہدایت

حیدرآباد۔/18مئی، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش کے کئی اضلاع میں آئندہ48 گھنٹوں کے دوران طوفانی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ تلنگانہ کے بعض حصوں میں ژالہ باری ہوگی۔ حیدرآباد میں موسم خوشگوار ہوگا اور بوندا باندی کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث طوفانی بارش ہوسکتی ہے۔ طوفانی ہوائیں تیزی سے ساحل کی جانب بڑھ رہی ہیں۔ یہ ہوا کا دباؤ نیلور سے 130کیلو میٹر وسط میں سرگرم ہے اور یہ اوڈیشہ کی جانب دھیمی رفتار سے پیشقدمی کررہا ہے۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ریاستی چیف سکریٹری پرکاش منسکر اور ضلع کلکٹرس سے بات چیت کی ہے۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ طوفان کی صورت میں چوکس رہیں اور سرکاری سنٹرس کو تیار رکھیں۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ نے حیدرآباد میں ایک کنٹرول روم قائم کیا ہے تاکہ صورتحال پر نظر رکھی جاسکے۔ محکمہ کے ڈائرکٹر دھننجے ریڈی نے اطلاع دی ہے کہ طوفان کی شدت میں اضافہ کا امکا ن ہے اور یہ طوفان آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرا جائے گا۔ رائلسیما میں سب سے زیادہ بارش کا امکان ہے۔ اگلے 24گھنٹوں کے دوران رائلسیما اور تلنگانہ کے بعض علاقوں میں بارش ہوگی۔ سمندر میں طغیانی کا اندیشہ ہے۔ ماہی گیروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سمندر میں نہ جائیں۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ڈائرکٹر نے مزید بتایا کہ ہم نے آج تمام ضلع کلکٹرس اور متعلقہ محکموں سے بات چیت کی ہے اور انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ضروری چوکسی اختیار کریں۔ اسی دوران سرکاری ذرائع نے کہا کہ ریاست کے مختلف علاقوں میں عوام کو وارننگ الرٹ جاری کیا جائے۔ ضلع نیلور میں گزشتہ روز ہوئی بارش کی شدت کو دیکھتے ہوئے چوکسی اختیار کی جارہی ہے جہاں پر 15سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ درجہ حرارت میں تیزی سے کمی آگئی ہے۔ ضلع کرشنا کے نندی گام میں 38 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ جنوب مغربی مانسون 7جون کو کیرالا سے ٹکرا جانے کا امکان ہے۔ تاہم موجودہ صورتحال سے واضح ہوتا ہے کہ مانسون تیزی سے آگے بڑھے گا۔ مانسون اس وقت انڈومان نکوبار میں چھایا ہوا ہے اور یہ تیزی سے پیشرفت کررہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر ڈاکٹر وائی کے ریڈی نے کہا کہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں مانسون اپنے وقت پر آئے گا تاہم خلیج بنگال میں موافق موسم کی وجہ سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں اور ساحلی آندھرا میں بارش تیز ہوگی۔ تلنگانہ کے بعض علاقوں میں ژالہ باری کا امکان ہے۔ حیدرآباد میں بھی بعض مقامات پر بارش ہوگی۔ حیدرآباد میں درجہ حرارت  زیادہ سے زیادہ 36اور کم سے کم 26 ڈگری سیلسیس رہے گا۔

TOPPOPULARRECENT