Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / آندھرا پردیش کے450 عازمین کی مکہ مکرمہ کیلئے روانگی

آندھرا پردیش کے450 عازمین کی مکہ مکرمہ کیلئے روانگی

اسپیشل آفیسرپروفیسر ایس اے شکور نے قافلہ کو جھنڈی دکھائی ، تاحال 4948 عازمین کی مکہ مکرمہ روانگی

حیدرآباد20 اگست ( پریس نوٹ ) حج ہاؤز سے آج آندھر ا پردیش کے 450 عازمین حج پر مشتمل ایک قافلہ حالت احرام میں اور تلبیہ کی گونج میں سوئے حرم روانہ ہوا ‘ جسے اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے جھنڈی دکھا کر وداع کیا۔ اس موقعہ پر مولانا مفتی الیاس رکن آندھرا پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی اور دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ جنہوں نے عازمین کو مخاطب کرتے ہوئے ان سے دعاؤں کی خواہش کی۔ مولانا مفتی محمد منیر قاسمی روانگی سے قبل عازمین کو بعض ضروری امور سے واقف کروایا اور ان کو ضروری ہدایات دیں اور کہا کہ وہ احتیاط کے ساتھ مناسک اد کریں اور اس بات کو ہمیشہ دھیان میں رکھیں کہ وہ کس مقصد سے اس سفرپر روانہ ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حرام اور سود کے پیسہ سے حج ادا نہیں ہوتا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تمام عازمین کو حج ہاؤز میں ان کی روانگی سے قبل ہی انکے پاسپورٹ حوالے کردیئے جاتے ہیں لیکن کل رات کے گیارھویں قافلہ میں آندھرا پردیش کے ایک عازم حج نے اپنا پاسپورٹ گنوادیا ‘ جس کی وجہ سے ایر پورٹ پر ہی ان کو اور ان کی اہلیہ کو روک لیا گیا اس طرح اس قافلہ میں448 عازمین روانہ ہوئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے تاحال 11 قافلوں کے ذریعہ جملہ 4548 عازمین مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں اور عمرہ کی سعادت سے سرفراز ہوچکے ہیں اور مکہ مکرمہ میںطوا ف‘ تلاوت کلام پاک‘ عبادات اور ذکر و اذکار اور تسبیح و تہلیل میں مصروف ہیں۔ آج یہ 12واں قافلہ روانہ ہوا ہے اوراس قافلہ کے450 عازمین بھی جدہ میں اتر کر آج رات تک مکہ مکرمہ پہنچ جائیں گے‘اس طرح دونوں ریاستوں سے جملہ 5948عازمین مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہوں گے۔ حج کیمپ کا آغاز 11اگست سے ہوا تھا اور 13اگست کو پہلی پرواز روانہ ہوئی۔ سعودی عربین ایر لائنز کی ہرجمبو فلائیٹ میں450 عازمین ہیں‘ 50 عازمین کو علیحدہ ریگیولر فلائٹ سے بھیجا گیا۔ اب تک 12فلائیٹس روانہ ہوچکی ہیں اور اب صرف تین فلائیٹس باقی رہ گئی ہیں ‘ آخری قافلہ 22اگست کو صبح سویرے حج ہاؤز سے روانہ ہوگا جس میں تلنگانہ اور کرناٹک کے عازمین شامل رہیں گے۔

TOPPOPULARRECENT