Tuesday , August 22 2017
Home / جرائم و حادثات / آن لائین شاپنگ کو دھوکہ دینے والے دھوکہ باز گرفتار

آن لائین شاپنگ کو دھوکہ دینے والے دھوکہ باز گرفتار

قیمتی اشیاء کا شاطرانہ طریقہ سے سرقہ، ٹاسک فورس پولیس ٹیم کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /16 مارچ (سیاست نیوز) آن لائین شاپنگ کی دو مشہور کمپنیوں کو دھوکہ دیتے ہوئے قیمتی اشیاء حاصل کرنے والے دو دھوکے بازوں کو سنٹرل زون ٹاسک فورس ٹیم نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 19 سالہ یحییٰ محمد اسحٰق جو اندرا گاندھی یونیورسٹی جوبلی ہلز میں ماہر نفسیات کی تعلیم حاصل کررہا ہے وہ اپنے ایک ساتھی محمد شہروز انصاری دونوں کا تعلق مہاراشٹرا سے ہے نے “Flipkart” اور “Amazon” کمپنیوں کے پارسل حاصل کرتے ہوئے قیمتی اشیاء کا شاطرانہ طریقے سے سرقہ کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ یحییٰ محمد گزشتہ چند دنوں سے اپنے ارکان خاندان کے ہمراہ علاقہ گولکنڈہ میں کرایہ کے مکان میں مقیم ہے اور وہ ایمیزان کمپنی کے ذریعہ اپنی تحریر کردہ کتابیں فروخت کیا کرتا تھا ۔ آن لائین شاپنگ کے ذریعہ مشہور کمپنیوں کو دھوکہ دینے کی غرض سے موبائیل فون ، لیپ ٹاپس ، کیمرے اور دیگر اشیاء کا آرڈر دیا کرتے تھے اور ڈیلیوری بوائے کو مکان کے باہر انتظار کرنے کیلئے کہتے ہوئے پارسل میں موجود قیمتی اشیاء کا سرقہ کرتے ہوئے اتنا ہی وزنی ریت رکھ دیا کرتے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ پارسل کی پیاکنگ کو باریکی سے کھولنے کے بعد اس میں ریتی رکھ کر دوبارہ پیاکنگ کرتے ہوئے غیرکارکرد ڈیبیٹ کارڈ کے ذریعہ رقم کی ادائی کا بہانہ کیا کرتے تھے اور غیر کارکرد کارڈ کے ذریعہ رقم ادا نہ ہونے پر وہ ریت سے بھرا پارسل واپس لوٹا دیا کرتے تھے ۔ ٹاسک فورس نے اس بات کی اطلاع ملنے پر دونوں کو حراست میں لیکر تفتیش کی جس میں پولیس نے قیمتی اسمارٹ موبائیل فونس ، لیاپ ٹاپس اور دیگر اشیاء برآمد کرتے ہوئے انہیں گولکنڈہ پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا ۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ نوجوانوں نے راجیندر نگر علاقے میں جاریہ سال ہیروہونڈا موٹر سائیکل کا سرقہ بھی کیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT