Wednesday , June 28 2017
Home / جرائم و حادثات / آپریشن چبوترہ کے تحت نوجوانوں کو گرفتار کرنے کا انتباہ

آپریشن چبوترہ کے تحت نوجوانوں کو گرفتار کرنے کا انتباہ

حیدرآباد 16 مارچ (سیاست نیوز) ساؤتھ زون علاقہ میں پولیس کی جانب سے کئے جانے والے آپریشن چبوترہ کے تحت حراست میں لئے جانے والے نوجوانوں کو اب باضابطہ گرفتار کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ اب تک ساؤتھ زون پولیس رات کے اوقات سڑکوں پر گھومنے والے نوجوانوں کو حراست میں لے کر بعد کونسلنگ رہا کردیا کرتی تھی لیکن اب پولیس نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اُنھیں گرفتار کرتے ہوئے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ ساؤتھ زون پولیس نے سابق میں کئے گئے آپریشن چبوترہ کے تحت حراست میں لئے گئے دو سو سے زائد نوجوانوں کی تفصیلات پر مبنی ایک ڈیٹا بیس تیار کیا ہے اور یہ نوجوان دوبارہ رات کے اوقات گھومنے کے دوران حراست میں لئے جانے پر اُن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پرانے شہر کی سڑکوں پر آپریشن چبوترہ کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور رات دیر گئے نوجوانوں کی آوارہ گردی میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ آپریشن چبوترہ کے تحت حراست میں لئے جانے والے 99 فیصد نوجوانوں کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے لیکن وہ اپنے مستقبل کو تاریکی میں ڈالتے ہوئے اپنا قیمتی وقت چبوتروں اور فٹ پاتھ پر ضائع کررہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا نے بتایا کہ مشن چبوترہ کے تحت حراست میں لئے جانے والے نوجوانوں کو باضابطہ گرفتار کیا جائے گا اور اُن کے خلاف مقدمات بھی درج کئے جائیں گے۔ حیدرآباد پولیس کے آپریشن چبوترہ سے متاثر ہوکر دہلی پولیس کے عہدیدار بھی ساؤتھ زون ڈی سی پی ربط قائم کیا ہے اور پرانے دہلی میں بھی اِس قسم کے آپریشن کو کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT