Wednesday , August 16 2017
Home / Top Stories / اٹلی کے چشمہ سے دیکھو گے تو تبدیلی نظر نہیں آئے گی

اٹلی کے چشمہ سے دیکھو گے تو تبدیلی نظر نہیں آئے گی

مودی حکومت سے رپورٹ کارڈ کی طلبی پر راہول گاندھی کے خلاف صدر بی جے پی کا طنز
احمد آباد۔/8ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) این ڈی اے حکومت سے رپورٹ کارڈ طلب کرنے پر راہول گاندھی کا تمسخر اُڑاتے ہوئے بی جے پی صدر امیت شاہ نے آج کہا ہے کہ راہول بابا، ملک میں تبدیلی کو دیکھ نہیں سکتے کیونکہ وہ اٹلی کا چشمہ لگائے ہوئے ہیں اور انہیں سب سے پہلے یو پی اے کے دور حکومت میں ہوئے 12لاکھ کروڑ کے اسکام پر وضاحت کرنا چاہیئے۔ امیت شاہ نے کہا کہ این ڈی اے حکومت کا رپورٹ کارڈ بہت ہی لمبا چوڑا ہے اور سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ بی جے پی حکومت کے خلاف ایک بھی کرپشن کا الزام نہیں ہے۔ جنوبی گجرات کے ویرا ٹاؤن میں ریاستی بی جے پی کارکنوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ نریندر مودی برسر اقتدار آنے کے بعد ہند۔ پاک سرحد پر صورتحال تبدیل ہوگئی ہے لیکن راہول بابا کو یہ نظر نہیں آرہی ہے کیونکہ وہ اٹلی کی عینک لگائے ہوئے ہیں۔چند دن قبل راہول گاندھی نے ایک تقریر میں یہ سوال اٹھایا تھا کہ نریندر مودی حکومت نے ڈھائی سالہ دور میں کیا کارنامے انجام دیئے ہیں۔ صدر بی جے پی نے کہا کہ میر ے پاس رپورٹ کارڈ موجود ہے لیکن میں یہ تمہیں بتانا نہیں چاہتا کیونکہ یہ طویل ہے اور یہ سب سے  بڑی کامیابی یہ ہے کہ بی جے پی حکومت کے خلاف تم ایک بھی کرپشن کا الزام نہیں لگاسکتے ہو۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو یہ یاد ہے کہ پیشرو کانگریس کے 10سالہ دور حکومت میں 12لاکھ کروڑ کا اسکام پیش آیا تھا۔ راہول بابا ہماری رپورٹ نہ طلب کریں ورنہ عوام اسکام کی رقم کے بارے میں پوچھنا شروع کردیں گے اور تمہیں یہ بتانا ہوگا کہ وہ رقم کہاں گئی۔ جنوبی گجرات سے آئے ہوئے پارٹی کارکنوں میں جوش و خروش پیدا کرتے ہوئے امیت شاہ نے کانگریس سے گجرات کی رپورٹ طلب کی جہاں پر 1995 میں بی جے پی جائزہ حاصل کرنے سے قبل کانگریس تقریباً 40 سال تک برسر اقتدار رہی۔ انہوں نے کانگریس سے دریافت کیا کہ تم نے گجرات میں 40سال تک حکمرانی کی لہذا میں بھی یہ معلوم کرنا چاہتا ہوں کہ ان تمام برسوں میں کانگریس نے یہاں کیا کارنامے انجام دیئے۔ کیا تم نے 24گھنٹے برقی اور پینے کا پانی سربراہ کیا ؟ یہ نریندر مودی تھے کہ چیف منسٹر کی حیثیت سے یہ کام کیا۔ لیکن کانگریس نے تو صرف کرفیو دیا اور ہر روز فرقہ وارانہ جھڑپیں پیش آتی تھیں لیکن ہم نے کرفیو سے پاک حکومت فراہم کی ہے۔ سرحد پر فائرنگ کے تبادلہ کا تذکرہ کرتے ہوئے امیت شاہ نے ادعا کیا کہ نریندر مودی وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ہندوستانی فوج، پاکستان کو منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔ راہول بابا کا کہنا ہے کہ سرحد پر فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے لیکن میں انہیں بتادینا چاہتا ہوں کہ صورتحال تبدیل ہوگئی ہے ۔ اور راہول بابا کو یہ تبدیلی نظر نہیں آرہی ہے کیونکہ انہوں نے اٹلی کا چشمہ پہن رکھا ہے۔ صدر بی جے پی کا بظاہر یہ اشارہ  صدر کانگریس سونیا گاندھی کی طرف تھا جن کے آباء و اجداد کا تعلق اٹلی سے ہے۔

TOPPOPULARRECENT