Wednesday , September 27 2017
Home / کھیل کی خبریں / اٹلی 2024ء اولمپکس کا دعویدار، وزیراعظم ماتیورینزی کی مساعی

اٹلی 2024ء اولمپکس کا دعویدار، وزیراعظم ماتیورینزی کی مساعی

یوروپ میں اولمپکس کا انعقاد مغربی شناخت کے دشمن دہشت گردوں کیلئے سخت پیغام ہوگا

ریوڈی جنیرو۔ 7 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اٹلی کے وزیراعظم ماتیورینزی نے کہا ہے کہ روم میں اولمپکس 2024ء کے انعقاد سے ان دہشت گردوں کو ایک سخت پیغام جائے گا جو عوام کو ان کے اسپورٹس اور تہذیبی شناخت سے محروم کرنے کے علاوہ خوف و اندیشوں میں زندگی گذارنے کیلئے مجبور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ماتیواینزی ایو کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور 2024ء اولمپکس کی میزبان کیلئے اپنے ملک کی دعویداری پیش کرنے کے مقصد سے یہاں پہونچے تھے۔ رینزی نے یوروپ کے مختلف شہروں میں ہوئے حالیہ دہشت گرد حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ روم میں اولمپکس کا انعقاد ان عناصر کے لئے ایک موثر جواب ہوسکتا ہے جو اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے تشدد کا استعمال کررہے ہیں۔ اینزی نے بشمول اسوسی ایٹیڈ پریس، دو بین الاقوامی خبر رساں اداروں کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ ایک کلیدی لمحہ ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’دنیا بالخصوص یوروپ پر دہشت گرد حملے عوام کی زندگیاں برباد کرنے کے مقصد پر مبنی ہیں۔ اگر وہ بے قصور افراد کو ہلاک کرنے کے باوجود اپنے اپنے مقاصد حاصل نہ کرسکیں تو ایسے جنونی مرد و خاتون دہشت گردوں کا دوسرا مقصد ہمیں خوف و اندیشوں کی زندگی میں مبتلا کردینا ہوگا تاکہ سکون سے جینے کے کسی امکان کے بغیر ہم اپنے گھروں میں بند رہنے پر مجبور ہوجائیں‘‘۔ اینزی نے کہا کہ اولمپکس ان تمام جنونی عناصر کو مسترد کرتے ہیں جو (عناصر) فٹبال، موسیقی اور کھیل کود کو ممنوع اور حرام قرار دیتے ہیں۔ اینزی نے کہا کہ ’’اگر وہ موسیقی سے نفرت کرتے ہیں تو ہم موسیقی پر اور بھی زیادہ رقم خرچ کریں گے۔ اگر وہ فٹبال یا دیگر کھیل کود سے نفرت کرتے ہیں تو ہم ان کھیلوں کو اپنی شناخت تصور کرتے ہیں۔ ایک نئی شناخت تلاش کرنا آج کے یوروپ کیلئے ایک نیا مسئلہ ہے۔ وقت کا تقاضہ ہے کہ اسپورٹس کے ذریعہ اس کا جواب دیا جائے‘‘۔ اولمپکس کو میزبانی کیلئے پیرس، لاس اینجلس اور بڈاپیسٹ (ہنگری) کے ساتھ روم بھی دوڑ میں شامل ہے۔ بین الاقوامی اولمپکس کمیٹی ستمبر 2017ء میں میزبان شہر کا انتخاب کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT