Tuesday , October 17 2017
Home / شہر کی خبریں / اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد موقع پرستانہ، سیاسی فائدہ کیلئے کوشاں

اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد موقع پرستانہ، سیاسی فائدہ کیلئے کوشاں

کانگریس و تلگودیشم پر تلنگانہ تحریک کی مخالفت کرنے کا الزام، ٹی ہریش راؤ کا ردعمل
حیدرآباد۔/10اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ ریاست کے حصول کیلئے متحد نہ ہونے والی پارٹیاں کانگریس اور تلگودیشم سیاسی مقصد براری کیلئے کسانوں کے نام پر متحد ہورہی ہیں۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کو موقع پرستانہ قرار دیا اور کہا کہ انہیں کسانوں کے مسائل سے ہمدردی نہیں بلکہ وہ خودکشی کے واقعات کو بنیاد بناکر سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جدوجہد کے موقع پر ان پارٹیوں کے قائدین تحریک کے ساتھ نہیں رہے بلکہ انہوں نے سیما آندھرائی قائدین کے ساتھ مل کر تحریک کی مخالفت کی۔ لیکن آج وہ خود کو تلنگان کے کسانوں کا ہمدرد ظاہر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کی راہ میں ہر قدم پر رکاوٹ پیدا کرنے والے چندرا بابو نائیڈو سے دوستی کے مسئلہ پر اتم  کمار ریڈی اور جانا ریڈی کو وضاحت کرنی چاہیئے۔ انہیں کسانوں کو بتانا ہوگا کہ کس طرح انہوں نے مخالف تلنگانہ شخص کے ساتھ ہاتھ ملایا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں ابھی تک کسانوں کے 50فیصد قرضہ جات معاف کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ کسانوں کی صورتحال ٹھیک نہیں ہے اور حکومت اس صورتحال سے نمٹنے کی ہرممکن کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ اور کسانوں کی ابتر صورتحال کیلئے سابق تلگودیشم اور کانگریس حکومتیں ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کاٹن کارپوریشن آف انڈیا کے 83مراکز کے ذریعہ کپاس کی خریدی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ پیداوار کی خریدی اور انہیں محفوظ کرنے کیلئے 10اضلاع میں خصوصی گودام قائم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مرحلہ وار اندازمیں کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کے وعدہ پر قائم ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی مخالف حکومت مہم کا کسانوں پر کوئی اثر نہیں ہوگا اور وہ ان کے بہکاوے میں آنے والے نہیں ہیں۔

TOPPOPULARRECENT