Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / اپوزیشن جماعتوں کو 2019 انتخابات میں بھی ناکامی کا یقین

اپوزیشن جماعتوں کو 2019 انتخابات میں بھی ناکامی کا یقین

راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریس کا وجود ختم ہوجائے گا ۔ بی جے پی لیڈر رام مادھو
حیدرآباد 26 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) بی جے پی کے جنرل سکریٹری رام مادھو نے اس خیال کا اظہار کیا کہ اپوزیشن جماعتوں نے یہ عملا تسلیم کرلیا ہے کہ وہ 2019 کے عام انتخابات میں کامیابی حاصل نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے بی جے پی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرح سے ہمیں 2019 کے تعلق سے زیادہ فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ اسی لئے ہم 2022 کے نشانوں پر توجہ کر رہے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے خود یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ 2019 میں اقتدار پر نہیں آسکتیں۔ رام مادھو نے ادعا کیا کہ جب گجرات میں کانگریس پارٹی کے قائدین اسمبلی انتخابات کیلئے مہم کا آغاز کرنا چاہتے تھے پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی ناروے کے دورہ پر روانہ ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں انتخابات کیلئے دو ماہ کا وقت رہ گیا ہے ۔ گجرات کانگریس کی قیادت چاہتی تھی کہ وہ یکم ستمبر کو ایک بڑی ریلی منعقد کرتے ہوئے انتخابی مہم کا آغاز کرے لیکن ہمارے اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی ناروے کیلئے روانہ ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال گجرات میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے کانگریس کو کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا ۔ اس کے علاوہ 2018 میں چھتیس گڑھ ‘ مدھیہ پردیش اور راجستھان کے اسمبلی انتخابات ہوں یا پھر 2019 کے لوک سبھا انتخابات ہوں کانگریس کو کوئی کامیابی ملنے والی نہیں ہے ۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ شائد یہی وجہ ہے کہ راہول گاندھی ناروے اور اٹلی کے دورے کر رہے ہیں۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ گاندھی جی نے کہا تھا کہ آزادی کے بعد بحیثیت سیاسی جماعت کانگریس کو تحلیل کردیا جانا چاہئے ۔ اب جبکہ راہول گاندھی کو ذمہ داری مل رہی ہے تو کانگریس اسی سمت جا رہی ہے ۔ رام مادھو نے کہا کہ بی جے پی کے پاس 2022 تک ترقی یافتہ ہندوستان حاصل کرنے کیلئے نریندر مودی کی قیادت موجود ہے ۔ این ڈی اے حکومت تمام دوسری جماعتوں بشمول ٹی آر ایس اور ترنمول کانگریس جیسی اپوزیشن جماعتوں کو بھی ساتھ لے کر چلے گی تاکہ ملک کو ترقی دی جاسکے ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کو چاہئے کہ وہ عوام کے سوالات کے جواب دے ۔ بی جے پی ریاست میں اسمبلی انتخابات میں تنہا مقابلہ کرے گی ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT