Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / اپوزیشن جماعتیں ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کوشاں

اپوزیشن جماعتیں ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کوشاں

ہر مسئلہ پر حکومت پر تنقید سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش ‘ ٹی آر ایس لیڈر نرسمہا کا بیان
حیدرآباد۔/25اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سینئر قائد اور سی پی ایم کے سابق فلور لیڈر این نرسمہیا نے اپوزیشن جماعتوں پر الزام عائد کیا کہ وہ ریاست کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نرسمہیا نے الزام عائد کیا کہ کانگریس اور تلگودیشم قائدین کو ریاست کی تیز رفتار ترقی برداشت نہیں ہورہی ہے اور وہ نہیں چاہتے کہ پسماندہ علاقے ترقی کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ہر مسئلہ پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہیں حالانکہ چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ٹی آر ایس حکومت کے اقدامات سے عوام کافی خوش ہیں اور وہ اپوزیشن کے بہکاوے میں آنے والے نہیں۔ نرسمہیا نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے کبھی بھی عوامی فلاح و بہبود پر توجہ نہیں دی۔ 10سالہ حالیہ دور حکومت میں کانگریس نے تلنگانہ میں ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کو نظرانداز کردیا تھا۔ انہوں نے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے قائدین سے سوال کیا کہ وہ اسوقت کیوں خاموش رہے جب آندھرائی چیف منسٹرس نے تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی تھی آج وہ حکومت پر بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر مسئلہ پر حکومت کو تعمیری تجاویز پیش کریں لیکن کانگریس اور تلگودیشم نے حکومت کے ہر اقدام کی مخالفت کو اپنا شیوہ بنالیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دوبارہ برسراقتدار آنے کا کوئی امکان نہیں ہے اور عوام نے پہلے ہی اس پارٹی کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کانگریس اور تلگودیشم قائدین سے مطالبہ کیا کہ وہ حکومت پر تنقید سے قبل کسانوں کیلئے ان کے اقدامات کی تفصیلات بیان کریں۔ انہوں نے کہا کہ صرف زبانی ہمدردی کے ذریعہ کسانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ نرسمہیا نے اپوزیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ پراجکٹس کی تعمیر اور کسانوں کی بھلائی کیلئے شروع کئے گئے اقدامات کی مخالفت ترک کردیں۔ ایم ایل سی سرینواس ریڈی نے کانگریس پر سیاسی شعبدہ بازی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ حکومت کے خلاف الزام تراشی سے ان پارٹیوں کو کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تاریخ میں کسی بھی چیف منسٹر نے کسانوں کیلئے اس قدر اقدامات نہیں کئے جتنے کے سی آر نے کئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT