Wednesday , August 16 2017
Home / شہر کی خبریں / اکبر الدین اویسی پر اشتعال انگیز تقاریر کا مقدمہ

اکبر الدین اویسی پر اشتعال انگیز تقاریر کا مقدمہ

حیدرآباد۔/13 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ سی آئی ڈی کی جانب سے مجلسی رکن اسمبلی اکبر الدین اویسی کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کا مقدمہ چلایا جائے گا۔ حالیہ دنوں حیدرآباد ہائی کورٹ نے درخواست مفاد عامہ کی سماعت مکمل ہونے پر حکومت سے اشتعال انگیز تقاریر کے مقدمات میں چارج شیٹ داخل کرنے میں تاخیر کا سبب طلب کیا تھا۔ حکومت نے اپنا موقف واضح کرتے ہوئے عدالت کو یہ واقف کروایا کہ استغاثہ کی جانب سے اکبر الدین اویسی کے خلاف مقدمات چلانے اور چارج شیٹ داخل کرنے کیلئے سی آئی ڈی کو اجازت دے دی گئی ہے۔ نامپلی کریمنل کورٹ کے 6ویں ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ جو خصوصی سی آئی ڈی کورٹ ہے کے اجلاس پر مقدمہ چلائے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ مجلسی رکن اسمبلی اکبر الدین اویسی کے خلاف سال ڈسمبر 2012 میں عادل آباد اور نظام آباد پولیس نے اشتعال انگیز تقاریر کرنے پر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں جنوری سال 2013ء میں گرفتار کیا تھا لیکن رکن اسمبلی ضمانت پر رہا ہوگئے۔ رکن اسمبلی کی ریکارڈ شدہ تقریر کی سی ڈیز کو سی آئی ڈی نے فارنسک لیباریٹری کی رائے حاصل کرنے کیلئے روانہ کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT