Friday , July 21 2017
Home / شہر کی خبریں / اکبر اویسی کے بشمول دیگر کو نوٹس جاری کرنے ہائی کورٹ کا حکم

اکبر اویسی کے بشمول دیگر کو نوٹس جاری کرنے ہائی کورٹ کا حکم

…: ابراہیم یافعی قتل کیس : …

حیدرآباد۔/12جولائی، ( سیاست نیوز) حیدرآباد ہائی کورٹ نے ابراہیم یافعی قتل کیس میں 6 مدعی علیہان کو نوٹس جاری کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں جن میں مجلسی رکن اسمبلی اکبر الدین اویسی بھی شامل ہیں۔ مقتول نوجوان ابراہیم بن یونس یافعی کی جانب سے ہائی کورٹ میں داخل کردہ نظر ثانی کی درخواست کے ابتدائی مرحلہ میں عدالت نے یہ احکامات جاری کئے ہیں۔ جاریہ سال 9جون کو عود یافعی نے ہائی کورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے یہ درخواست داخل کی تھی کہ نامپلی کورٹ کے چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کی جانب سے احتجاجی درخواست کو جاریہ سال 5 اپریل کو خارج کرنے پر ان کی درخواست پر نظر ثانی کی جائے۔ 4 ستمبر 2012 کو عود یافعی نے کمشنر پولیس حیدرآباد سے ایک تحریری شکایت درج کروائی تھی جس میں رکن اسمبلی اکبر الدین اویسی، احمد بلعلہ اور دیگر تین کے خلاف ان کے بھائی کا قتل اور مجرمانہ سازش کے الزام میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی۔درخواست گذارنے اپنی شکایت میں بتایا تھا کہ 30 اپریل سال 2011 کو ان کے بھائی کا قتل کیا گیا ہے اور جب یہ واقعہ پیش آیا اکبر اویسی کے ہاتھ میں بندوق موجود تھی۔ چندرائن گٹہ پولیس نے قتل کا ایک مقدمہ جس کا ایف آئی آر نمبر 313/2012 درج کرتے ہوئے بعد تحقیقات عدم شواہد کی بناء پر مقدمہ کو بند کردیا تھا۔ پولیس کی اس کارروائی کے خلاف مقتول کے بھائی نے کریمنل کورٹ میں درخواست داخل کی تھی لیکن یہاں پر بھی اس درخواست کی سماعت نہ ہونے اور اسے خارج کئے جانے پر حیدرآباد ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے۔ ایڈوکیٹ کیلاش ناتھ ریڈی نے ہائی کورٹ میں نظر ثانی کی درخواست داخل کی ہے جس کے نتیجہ میں عدالت نے ابتدائی مرحلہ میں اس کی سماعت کیلئے 6 مدعی علیہان حکومت تلنگانہ، اکبر الدین اویسی، احمد بلعلہ، گن مین جانی میاں، منصور بن محمد عولقی، محمود بن محمد عولقی اور محسن بن احمد الکثیری کو نوٹس جاری کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ واضح رہے کہ 29 جون کو نامپلی میٹرو پولیٹن سیشن جج نے حملہ کیس کے 10 ملزمین بشمول محمد پہلوان کو باعزت بری کردیا تھا جبکہ 4 افراد حسن پہلوان، عود یافعی، عبداللہ یافعی، سالم وھلان، کو 10سال کی سزا سنائی تھی۔ اس درخواست کی سماعت 26 جولائی کو مقررکی گئی ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT