Tuesday , April 25 2017
Home / Top Stories / !اکبر اویسی کے غیاب میں اہم سرگرمیاں

!اکبر اویسی کے غیاب میں اہم سرگرمیاں

تحفظات بل کی پیشکشی کے موقع پر غیر حاضر، پرانے شہر کے ترقیاتی کام پراسد اویسی کا کنٹرول
حیدرآباد ۔ 18۔ اپریل (سیاست نیوز) مجلس کے فلور لیڈر اکبر اویسی کے غیاب میں 12 فیصد تحفظات بل کی منظوری اور آج کے ٹی راما راؤ کی جانب سے پرانے شہر میں مختلف ترقیاتی پراجکٹس کا افتتاح عوام اور مقامی جماعت کے کیڈر میں موضوعِ بحث بن چکا ہے۔ یہ محض اتفاق ہے یا پھر کچھ اور کہ فلور لیڈر اہم مواقع پر غیر حاضر ہیں ، حالانکہ اطلاعات کے مطابق انہوں نے وزیر امور مقننہ ہریش راؤ کو ٹیلیفون پر بتایا تھا کہ اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے وہ لندن سے آرہے ہیں ۔ اتوار کو جب خصوصی اجلاس منعقد ہوا تو حکومت کو یہ دیکھ کر حیرانی ہوئی کہ فلور لیڈر مسلمانوں کے اس قدر اہم مسئلہ پر ایوان سے غیر حاضر ہیں۔ آیا یہ پارٹی کی حکمت عملی تھی یا پھر پارٹی کے کسی اندرونی تنازعہ کا اشارہ ہے کہ اکبر اویسی نے دونوں اہم مواقع پر خود کو دور رکھا ۔ اگر وہ چاہتے تو پرانے شہر کے پراجکٹس کی افتتاحی تقریب کی تاریخ اپنی پسند سے مقرر کرسکتے تھے لیکن ایسا نہیں ہوا۔ صدر مجلس اسد اویسی کی موجودگی میں کے ٹی آر نے پرانے شہر کا دورہ کیا اور بعض افتتاحی تقاریب میں شرکت کی ۔ اسمبلی میں اکبر اویسی نے پرانے شہر سے متعلق جن مسائل کا تذکرہ کیا تھا، اس سے متعلق علاقوں کو دورہ میں شامل نہیں کیا گیا۔ پرانے شہر میں میٹرو ریل پراجکٹ اور چندرائن گٹہ میں ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر جیسے اہم مسائل اکبر اویسی کی عدم موجودگی کے باعث کے ٹی آر تک نہیں پہنچ سکے۔ پارٹی کے صدر نے افتتاحی پروگراموں پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا تھا اور دلچسپ بات تو یہ ہے کہ اکبر اویسی کے غیاب میں کے ٹی آر کو اسریٰ ہاسپٹل کا معائنہ کرایا گیا ، حالانکہ اس ہاسپٹل کا انتظام فلور لیڈر کے تحت ہے۔ عوام میں یہ چہ می گوئیاں چل رہی ہیں کہ آیا صدر اور فلور لیڈر کے درمیان کچھ سرد جنگ تو نہیں؟ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مقامی جماعت میں سب کچھ ٹھیک نہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT