Thursday , August 17 2017
Home / Top Stories / اکشے کمار کو پہلی بار نیشنل ایوارڈ ۔ سونم اور زائرہ کو بھی اعزاز

اکشے کمار کو پہلی بار نیشنل ایوارڈ ۔ سونم اور زائرہ کو بھی اعزاز

نئی دہلی ؍ سری نگر 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اکشے کمار، شوجیت سرکار، سونم کپور سے لے کر مرہٹی فلم ڈائرکٹر راجیش ماپسکر یہ تمام 64 ویں نیشنل فلم ایوارڈس کے آج ونرس رہے اور اُنھوں نے کہاکہ اُن کے سنیما سفر کو اِس پذیرائی سے بڑی جہت حاصل ہوئی ہے۔ اکشے پہلی بار نیشنل ایوارڈ جیتے جو اُنھیں عدالتی کارروائی پر مبنی ڈرامہ ’’رستم‘‘ کے لئے دیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک کا اعلیٰ اداکاری کا ایوارڈ حاصل کرنا واقعی اعزاز کی بات ہے۔ اُنھوں نے مداحوں کے لئے ویڈیو پیام میں کہاکہ شکریہ بہت چھوٹا لفظ ہے لیکن مجھے نہیں معلوم کہ فی الحال میرے احساسات کے اظہار کے لئے اور کیا لفظ استعمال کروں۔ رستم میں اداکاری کرتے ہوئے کافی خاص احساس رہا۔ انڈین نیوی کا یونیفارم پہننا خود بڑے اعزاز کی بات ہے چاہے یہ فلمی رول کے لئے ہی کیوں نہ ہو۔ اکشے کی بیوی اور اداکارہ سے مصنفہ بننے والی ٹوئنکل کھنہ نے 49 سالہ اسٹار کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔ سونم کپور کو ’’نیرجا‘‘ کے لئے اُن کے رول پر خصوصی ایوارڈ دیا گیا۔ سونم نے رام مادھوانی کی ہدایت والے ڈرامے میں نیرجا بھانوت کا رول ادا کیا ہے۔ نیرجا کو بہترین ہندی فیچر فلم کا ایوارڈ دیا گیا۔ ماپسکر کو بیسٹ ڈائرکٹر ایوارڈ حاصل ہوا اور وہ انتہائی مسرور ہیں کہ اُن کی پہلی فلم 3 زمروں میں نامزد کی گئی۔ جیوری نے امیتابھ بچن کی فلم پنک کو سماجی مسائل پر بہترین فلم قرار دیا۔ شوجیت سرکار 2016 ء کی اِس فلم کے پروڈیوسر رہے۔  اداکارہ تاپسی پنو کو بھی پنک کے رول کے لئے ایوارڈ حاصل ہوا۔ اِس دوران عامر خان کی فلم ’’دنگل‘‘ میں زائرہ وسیم کے رول پر اُنھیں بیسٹ سپورٹنگ ایکٹر کا ایوارڈ ملا جس کے لئے اُنھیں ہر گوشہ سے مبارکبادی کے پیامات وصول ہورہے ہیں جن میں سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ بھی شامل ہیں۔ کشمیری لڑکی نے فلم دنگل سے مقبولیت حاصل کرلی ہے۔ اُنھوں نے کم عمر ریسلر گیتا پھوگٹ کا رول ادا کیا۔ میڈیا مشیر برائے حکومت جموں و کشمیر سہیل بخاری نے بھی کم عمر ایکٹر کو مبارکبادی کا پیام بھیجا ہے۔ زائرہ نے ٹوئٹر کے ذریعہ تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

عامرخاں سے فلم دنگل کی اداکارہ زائرہ وسیم کا اظہارتشکر
ممبئی ۔ 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) زائرہ وسیم نے آج دنگل میں اپنے رول کیلئے نیشنل ایوارڈ ملنے پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے سوپر اسٹار عامرخاں سے اظہارتشکر کیا۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والی یہ نوجوان اداکارہ فلم دنگل میں گیتاپھوکٹ کے بچپن کا رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عامرخان نے مجھے پوری فلم میں حوصلہ افزائی کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT