Saturday , October 21 2017
Home / شہر کی خبریں / اکون سبھروال حقیقی ہیرو۔ متاثر کن کریئر

اکون سبھروال حقیقی ہیرو۔ متاثر کن کریئر

انتہا پسندی، گروہ واری رقابتوں اور نکسلائیٹس کا دلیرانہ مقابلہ
حیدرآباد۔/26جولائی، ( سیاست نیوز) حقیقی زندگی میں فلمی شخصیتوں کو منشیات کیس کی تحقیقات کے دوران دن میں تارے دکھانے والے اکسائیز انفورسمنٹ کے ڈائرکٹر اکون سبھروال راتوں رات نوجوان نسل کیلئے رول ماڈل بن گئے ہیں۔ فلمی شخصیتیں صرف تین گھنٹوں تک پردے پر اپنے فن کا جوہر دکھاتے ہیں تاہم اکون سھبروال نے ( رئیل لائف ) میں سماج دشمن عناصر سے لوہا لیتے ہوئے دلیری کا مظاہرہ کیا ہے۔ منشیات اسکینڈل کے خلاف جنگ کا اعلان کرنے والے اکون سبھروال نے فلم ڈائرکٹر پوری جگناتھ، ہیروز ترون، سباراجو، نودیپ، ہیروئن چارمی سے پوچھ تاچھ کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ اپنی کارکردگی کے ذریعہ قانون کی نظر میں سب یکساں ہونے کا پیغام دیا۔ غلطی کرنے والوں کو معاف نہ کرنے کا عملی ثبوت دیا۔ منشیات کیس کو ابھی تک کئی آفیسرس نے اٹھایا تاہم اس کو درمیان میں ہی چھوڑ دیا۔ لیکن اکون سبھروال ایسے آفیسر ہیں جو اس کی جڑ تک پہنچنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہے ہیں۔ پیشہ سے (ڈینٹسٹ ) دانتوں کے ڈاکٹر اکون سبھروال آرمی آفیسر کے فرزند ہیں جو اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کی خدمت کرنے کے جذبہ سے محنت کرتے ہوئے 2001 میں سیول سرویس کیلئے منتخب ہوئے۔ ٹریننگ کے دوران اپنے بیاچمنٹ سمیتا سے شادی کی وہ آئی اے ایس اور اکون آئی پی ایس ہیں۔ پہلی پوسٹنگ آسام میں ہوئی جہاں انہوں نے انتہا پسندوں سے جنگ کی۔ اس کے بعد اننت پور پہنچنے والے اکون سبھروال نے گروہ واری رقابتوں کے خلاف کارروائی کی، جب تک وہ اننت پور میں تھے ایک بھی گروہ واری رقابتوں کا واقعہ پیش نہیں آیا۔ ورنگل میں بحیثیت او ایس ڈی خدمات انجام دیتے ہوئے نکسلائیٹس کے خلاف مورچہ کھول دیا۔ وشاکھاپٹنم میں بحیثیت ایس پی خدمات انجام دیتے وقت ان کے اور نکسلائیٹس کے درمیان28 مرتبہ فائرنگ و جوابی فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ میدان چھوڑ کر بھاگنے والوں میں سے نہیں ہیں۔ حیدرآباد میں ڈی سی پی کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے سھروال جوڑے پر چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے مکمل بھروسہ کرتے ہوئے دونوں کو اہم ذمہ داریاں سونپی۔ چیف منسٹر کے بھروسہ پر کھرا اُترتے ہوئے اکون سبھروال نے گڑمبہ کے خاتمہ کیلئے کافی کام کیا۔ اب ان کی نظر حیدرآباد کو بنیاد بناتے ہوئے تیزی سے پھیلنے والے منشیات پر پڑی ہے۔ حیدرآباد کو منشیات سے پاک بنانے کیلئے وہ کمربستہ ہوچکے ہیں۔ ان کی شریک حیات سمیتا سبھروال ایڈیشنل سکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ان کے دوبچے ہیں انہیں بھی ماں باپ اپنی طرح تیار کررہے ہیں۔

 

TOPPOPULARRECENT