Saturday , September 23 2017
Home / Top Stories / اکھیلیش نے راہول کی اور امر سنگھ نے مودی کی حمایت کی

اکھیلیش نے راہول کی اور امر سنگھ نے مودی کی حمایت کی

سرجیکل حملوں اور تنقیدوں کے مسئلہ پر سماجوادی پارٹی قائدین میں واضح اختلافات
لکھنو / مرزا پور ۔ 10 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر اتر پردیش اکھیلیش سنگھ یادو اور سماجوادی پارٹی جنرل سکریٹری امر سنگھ نے مقبوضہ کشمیر میں فوج کے سرجیکل حملوں کے تعلق سے متضاد بیانات دئے ہیں۔ اس سے پارٹی قیادت میںاختلافات کی عکاسی ہوگئی ہے ۔ آج اکھیلیش یادو نے کانگریس لیڈر راہول گاندھی کے بی جے پی زیر قیادت حکومت کے خلاف دلالی ریمارکس کی تائید کی جبکہ امر سنگھ نے ان حملوں کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی کی ستائش کی اور یہاں تک کہا کہ مرکز نے ان حملوں کے تعلق سے سماجوادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو سے مشورہ بھی کیا تھا ۔ اکھیلیش سے جب راہول گاندھی کے ’ دلالی ‘ ریمارکس کے تعلق سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ سوال کانگریس کا نہیں ہے ۔ خود ان کے راہول گاندھی کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں ۔ اگر انہوں نے کچھ کہا ہے تو انہوں نے غور و فکر کے بعد کہا ہوگا ۔ انہیں اس تعلق سے کوئی اطلاع ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ بالآخر غریب ہی اپنی زندگی گنواتا ہے ۔ کسان مر رہے ہیں۔ ان کے بچے مر رہے ہیں ‘ ایسے میں وہ سرجیکل حملوں کے تعلق سے کیا جانتے ہونگے ؟ ۔ اصل سوال یہ ہے کہ آپ کے اور میرے اچھے تعلقات ہیں اور پھر سرحدات پر کشیدگی ہے تو ملک اور دنیا یہ صورتحال کو سمجھنے سے قاصر ہے ۔ اس دوران مرزا پور میں امر سنگھ نے ان حملوں کیلئے مودی کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اس مسئلہ پر تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا تھا اور انہوں نے اپنی پارٹی کے قائدین سے کہا تھا کہ وہ اس کارروائی کیلئے اپنا سینہ نہ ٹھونکیں۔امر سنگھ نے مودی کے دورہ پاکستان کو سفارتکاری کا حصہ قرار دیا اور کانگریس اور دوسرے سکیولر عناصر کو خبردار کیا کہ وہ اپنے الفاظ کے انتخاب میں محتاط رہیں۔ امر سنگھ نے پارٹی میں اختلافات کی تردید کی اور کہا کہ پارٹی میں تمام قائدین اکھیلیش کے ساتھ ہیں۔

TOPPOPULARRECENT