Monday , August 21 2017
Home / Top Stories / ایرانی شہری حج کیلئے نہیں جا سکیں گے

ایرانی شہری حج کیلئے نہیں جا سکیں گے

تہران ۔ 13 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایران کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے حج کے دوران ایرانی شہریوں کے انتظامات کے حوالے سے معاہدے پر مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں۔ ایرانی خبررساں ادارے ارنا کے مطابق وزیر ثقافت اور مذہبی امور علی جنتی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے مذاکرات میں ’تباہ کن‘ کردار ادا کیا ہے۔ سعودی عرب نے علی جنتی کے اس بیان پر ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔ ایرانی شہریوں کی اس سال حج میں عدم شرکت دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں تلخی واضح ہوتی ہے۔ ایران نے حاجیوں کے انتظامات کے معاہدے میں ناکامی کی تمام ذمہ داری سعودی عرب پر عائد کی ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق سعودی عرب نے مذاکرات میں سردمہری دکھائی اور اس کا رویہ غیر مناسب اور منفی تھا۔ واضح رہے کہ تہران میں سعودی عرب کا سفارتی عملہ موجود نہیں ہے اور وہ چاہتا ہے کہ ایرانی شہری حج کے لیے کسی تیسرے ملک سے ویزا کی درخواست دیں۔ تاہم ایران چاہتا ہے کہ سعودی عرب تہران میں قائم سوئٹزرلینڈ کے سفارت خانے کے ذریعے ویزے جاری کرے۔ تہران کے ساتھ ریاض کے تعلقات کے خاتمے کے بعد سوئس سفارتخانہ سعودی معاملات کی نگرانی کر رہا ہے۔علی جنتی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ایران کی جانب سے ایرانی حاجیوں کو سکیورٹی اور ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کی تجویز بھی قبول نہیں ہے۔

TOPPOPULARRECENT