Sunday , August 20 2017
Home / دنیا / ایرانی پارلیمانی الیکشن، ووٹوں کی گنتی شروع

ایرانی پارلیمانی الیکشن، ووٹوں کی گنتی شروع

تہران۔ 27 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایرانی الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ کل جمعہ کے روز منعقد ہوئے پارلیمانی انتخابات میں مجموعی طور پر 58 فیصد ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ملکی وزارت داخلہ کے ترجمان نے سرکاری ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے اس ’بھرپور‘ عوامی شرکت کو ایرانی جمہوریت کیلئے اہم قرار دیا۔ ترجمان نے کہا کہ مجموعی طور پر 55 ملین ووٹروں میں سے بتیس ملین سے زائد شہریوں نے ووٹ دیا۔ ووٹوں کی گنتی کا عمل ابھی جاری ہے اور جلد ہی نتائج سامنے آ جائیں گے۔ ان انتخابات کے ذریعے 290پارلیمانی اراکین کے ساتھ ساتھ ماہرین کی کونسل کے 88 اراکین بھی منتخب کیے جائیں گے۔ پارلیمانی نشستوں کیلئے کْل چار ہزار آٹھ سو امیدوار میدان میں اترے تھے۔

ایف 16 کی فروخت: امریکہ کا پھر فیصلے کا دفاع
واشنگٹن۔ 27 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام)  امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بار پھر پاکستان کو ایف 16 طیارے فروخت کرنے کا دفاع کرتے ہوئے طیاروں کو انسداد دہشت گردی آپریشنز میں استعمال کرنے کے پاکستانی موقف کی توثیق کردی۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیلینا ڈبلیو وائٹ نے کہا کہ ہم پاکستان کو انسداد دہشت گردی آپریشنز کیلئے آٹھ ایف سولہ طیارے فروخت کرنے کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس موجود ایف سولہ طیاروں نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ان کہنا تھا کہ ایف سولہ طیاروں کی مدد سے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں کیے جانے والے آپریشنز سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو بڑی حد تک توڑا گیا ہے اور یہ فوجی آپریشنز پاکستان کے علاوہ امریکا، نیٹو اور خطے کے مفاد میں بھی ہیں۔امریکہ میں پاکستانی سفارت خانے کے ترجمان ندیم ہوتیانہ نے محکمہ خارجہ کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اوباما انتظامیہ پہلے ہی پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت کے حوالے سے کانگریس پر اپنے عزم کا اظہار کرچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ طیارے دہشت گردی کے خلاف آپریشنز میں پاکستان کی صلاحیت کو بڑھائیں گے۔واضح رہے کہ اوباما انتظامیہ کی جانب سے پاکستان کو 8 ایف سولہ طیاروں کی فروخت کی منظوری کے بعد کانگریس کے بعض قانون سازوں اور ہندوستان کی جانب سے فیصلے کی مخالفت کی گئی تھی۔ہندوستان نے امریکہ کے اس فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے امریکی سفیر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوارپ کا کہنا تھا کہ ہندوستان، امریکہ کے اس خیال سے متفق نہیں ہے کہ ان طیاروں کی فروخت سے انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں مدد ملے گی۔تاہم امریکی محکمہ دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی فروخت ہندوستان کیلئے تشویش کا باعث نہیں ہونی چاہیے، کیونکہ یہ ڈیل خطے کی سیکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھ کر کی گئی ہے۔ ہندوستان کی اس ‘مایوسی’ پر پاکستان کی جانب سے بھی ‘حیرت’ کا اظہار کیا گیا، جبکہ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریہ نے کہا کہ ہندوستان خود اسلحہ درآمد کرنے والا ایک بڑا ملک ہے اور اس کے پاس دفاعی سامان کا سب سے بڑا ذخیرہ ہے۔

TOPPOPULARRECENT