Friday , August 18 2017
Home / دنیا / ایران اور سعودی عرب کو تحمل سے کام لینے جان کیری کا مشورہ

ایران اور سعودی عرب کو تحمل سے کام لینے جان کیری کا مشورہ

واشنگٹن۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)وزیر خارجہ امریکہ جان کیری نے ایران اور سعودی عرب پر زور دیا ہے کہ وہ خطہ میں کشیدگی بڑھانے سے گریز کریں۔ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات میں تازہ کشیدگی سعودی حکومت کی جانب سے ممتاز شیعہ عالم شیخ نمر باقر النمر کو سزائے موت دیئے جانے پر پیدا ہوئی ہے۔امریکہ کے محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی کے مطابق جان کیری نے منگل کو ایرانی اور سعودی وزرائے خارجہ کے علاوہ سعودی ولیعہد سے بھی ٹیلیفون پر بات کی۔جان کربی نے میڈیا نمائندوں سے کہا کہ اس گفتگو کا محور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے اور حالات کو پرسکون رکھنے کی کوشش تھا۔انھوں نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ ایران اور سعودی عرب اس معاملے کو دوطرفہ بات چیت کے ذریعے حل کریں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اگرچہ اس تنازعہ کی اہمیت سے انکار نہیں کر رہا ہے لیکن اس خطہ میں دیگر اہم مسائل بھی ہیں جنہیں مسلسل توجہ درکار ہے جن میں شام میں سیاسی عمل کو آگے بڑھانا بھی شامل ہے۔

 

امریکی قانون سازوں کا دہشت گرد حملوں پر اظہار مذمت
واشنگٹن۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے اعلیٰ سطح کے قانون سازوں نے پٹھان کوٹ میں ہندوستانی فضائیہ کے اڈوں اور افغانستان کے مزار شریف میں ہندوستانی قونصل خانہ پر کئے گئے دہشت گرد حملوں کی مذمت کی ہے اور کہا کہ اس سے علاقائی استحکام کو خطرہ ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حملوں میں ملوث دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے اور اب وقت آگیا ہے کہ ہند۔ امریکہ تعلقات کو مزید استحکام اور وسعت دی جائے۔ کانگریس ایمی بیرا اور جارج ہولڈنگ نے آج ایک مشترکہ بیان میںکہا کہ پاکستان نے ہندوستان میں جو کچھ کیا، اس سے امن کی بقاء کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے جبکہ دونوں ممالک قریب آنے اور اختلافات ختم کرنے کوشاں ہیں۔ ہماری تائید ہندوستان کیساتھ ہے اور دہشت گردی کیخلاف لڑائی میں ہندوستان کیساتھ امریکہ بھی شانہ بشانہ ہوگا کیونکہ اس وقت دونوں ہی ممالک کو دہشت گردی کا سامنا ہے۔ اس دوران ارسوخ سمجھی جانے والی کمیٹی برائے خارجی اُمور کے صدرنشین ایڈ رائس نے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ کے اڈے پر حملہ ہی دراصل ہند۔ امریکہ کی مشترکہ طور پر دہشت گردی کیخلاف لڑائی کیلئے یکجا ہوجانے کی اصل وجہ ہے۔

TOPPOPULARRECENT