Tuesday , August 22 2017
Home / دنیا / ایران میں سٹیلائیٹ داغنے والے راکٹ کا تجربہ

ایران میں سٹیلائیٹ داغنے والے راکٹ کا تجربہ

تہران 27 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ایران نے آج سٹیلائیٹ داغنے والے راکٹ کا کامیاب تجربہ کیا ۔ چند دن قبل ہی ایران نے امریکہ کو خبردار کیا تھا کہ ایران کے بیالسٹک میزائیل پروگرام پر امریکہ نے جو تحدیدات عائد کی ہیں ان کا جواب دیا جائیگا ۔ سرکاری ٹی وی نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ یہ راکٹ سمورغ کے نام سے تیار کیا گیا ہے اور یہ 250 کیلوگرام تک وزنی سٹیلائیٹ کو خلا میں داغنے کی اہلیت رکھتا ہے ۔ سمورغ ایران میں ایک پرندہ کا نام ہے ۔ اس راکٹ کے کامیاب داغے جانے سے ملک میں امام خمینی اسپیس سنٹر کا باضابط آغاز بھی ہوگیا ۔ اس اسپیس سنٹر کو انقلاب ایران کے رہنما آیت اللہ خمینی کے نام سے موسوم کیا گیا ہے ۔ یہ اسپیس سنٹر سٹیلائیٹس کو خلا میں بھیجنے کیلئے قائم کیا گیا ہے ۔ سرکاری ٹیلی ویژن نے اس اسپیس سنٹر کے مقام کے تعلق سے کچھ بھی بتانے سے گریز کیا ہے ۔ مغربی ممالک کو شبہ ہے کہ ایران ایسی ٹکنالوجی تیار کر رہا ہے جو طویل فاصلے تک وار کرنے کی صلاحیت والے بیالسٹک میزائیل تیار کرنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے ۔ ایران نے تاہم اس الزام کی تردید کی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اس کا خلائی پروگرام خالصتا پرامن مقاصد کیلئے ہے ۔ ایران 2009 کے بعد سے اب تک چار راکٹس کو خلا میںداغ چکا ہے اور مغربی ممالک نے ان تمام پر تنقید کی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT