Tuesday , October 17 2017
Home / Top Stories / ایران میں عنقریب ہندوستانی کلچرل سنٹر کا قیام

ایران میں عنقریب ہندوستانی کلچرل سنٹر کا قیام

دونوں ممالک کے درمیان روابط میں استحکام ، نمائندہ علی خامنہ ای علی غازی عسکر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 6۔ جون  ( سیاست نیوز) ہندوستان اور ایران کے روابط حالیہ عرصہ میں مزید مستحکم ہوئے ہیں اور بہت جلد ہندوستان کا کلچرل سنٹر ایران میں قائم کیا جائے گا۔ ایران کے امیر حج و نمائندہ علی خامنہ ای ، علی غازی عسکر نے آج حیدرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ سعودی عرب حکومت سے بات چیت میں ناکامی کے سبب جاریہ سال ایران کے عازمین حج سعودی عرب نہیں جائیںگے۔ اس طرح جاریہ سال ایران کے ہزاروں عازمین حج فریضہ حج کی ادائیگی سے محروم رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 5 ماہ تک حکومت سعودی عرب نے ایران سے اس مسئلہ پر کوئی مذاکرات نہیں کئے۔ اس تاخیر کے سبب عازمین حج کو ویزا کی اجرائی اور فلائیٹس کے انتظام میں دشواری ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عازمین حج کے تحفظ و سلامتی کیلئے حکومت سعودی عرب نے کوئی ضمانت دینے سے انکار کیا، جس کے بعد ایران کی حکومت حجاج کرام کو جاریہ سال سعودی عرب روانہ کرنے سے قاصر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال حج کے موقع پر بھگدڑ میں ایران کے 461 حجاج کرام جاں بحق ہوگئے تھے۔ انہیں آج تک کوئی معاوضہ ادا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال تمام ممالک کیلئے حج کوٹہ میں 20 فیصد کی کمی کے سبب ایران کا کوٹہ گھٹ کر 64000 ہوچکا ہے ۔ سابق میں سالانہ 80,000 ایرانی عازمین روانہ ہوتے رہے جبکہ سالانہ 7.5 لاکھ افراد عمرہ کیلئے سعودی عرب جاتے ہیں ۔ علی غازی عسکر نے ان الزامات کی تردید کی کہ گزشتہ سال بھگدڑ کے لئے ایرانی عازمین ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ایران کے پاس دستاویزی ثبوت موجود ہے کہ جمرات کیلئے حجاج کرام کو روک دیئے جانے کے سبب بھگدڑ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت حج جیسے مقدس فریضہ کو مسلمانوں میں وحدت کا مرکز تصور کرتی ہے اور وہ تمام فرقوں میں باہم اتحاد کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ دورہ ایران سے دونوں ممالک کے روابط مزید مستحکم ہوںگے۔ ایرانی وفد کے سربراہ نے ہند۔ایران معاہدات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تاریخی ڈیم کو ترقی دینے کیلئے جو معاہدہ کیا گیا ، اس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔ ثقافتی شعبہ میں دونوں ممالک نے باہمی تعاون کو فروغ دینے سے اتفاق کیا ہے ۔ اس معاہدہ کے تحت ایران میں ہندوستان کا کلچرل سنٹر جلد ہی قائم ہوگا۔ علی عسکر نے سکریٹری اقلیتی بہبود اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کو دورہ ایران کی دعوت دی تاکہ حجاج کرام کیلئے ایران میں فراہم کی جارہی سہولتوں کا جائزہ لیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی عازمین حج کی ٹریننگ اور انہیں سہولتوں کی فراہمی میں ایران تعاون کیلئے تیار ہے۔

TOPPOPULARRECENT