Wednesday , September 27 2017
Home / دنیا / ایران نیوکلیئر معاہدہ:افزودگی کم کرنے کا کام شروع

ایران نیوکلیئر معاہدہ:افزودگی کم کرنے کا کام شروع

تعداد میں کمی کرنا معاہدہ کا اہم حصہ، آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے بھی معاہدہ کی مشروط توثیق
تہران ۔ 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران نے یورینیم کی افزودگی کے کام کو بند کرنے کی ابتدا کر دی ہے تاکہ جولائی میں دنیا کے چھ اہم ممالک کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی پاسداری ہو سکے۔ یہ بات ایران کے نیوکلیئر پروگرام کے سربراہ نے اپنے جاپان کے دورے میں کہی۔ علی اکبر صالحی نے بتایا کہ سینٹری فیوجز کی تعداد کو کم کرنے کا ابتدائی کام شروع ہو چکا ہے لیکن اس میں کچھ وقت ضرور لگے گا۔ ایران کا کہنا ہے کہ اس کا نیوکلیئر پروگرام پوری طرح پرامن مقاصد کے لیے ہے۔ جولائی کے معاہدے میں یہ طئے پایا تھا کہ ایران کی حساس نیوکلیئر سرگرمیوں کو کم کرنے کے عوض اس پر عائد پابندیاں ہٹا لی جائیں گی۔ یہ معاہدہ ایران اور چھ عالمی قووتوں امریکہ، برطانیہ، فرانس، چین، روس اور جرمنی کے درمیان 20 ماہ کی بات چیت کے بعد ہوا ہے۔ جاپان کی کیوڈو نیوز ایجنسی کے مطابق مسٹر صالحی نے کہا کہ کئی فعال سینٹری فیوج مشین کی تعداد کو کم کرنے پر کام کی ابتدا ہو چکی ہے۔ یہ مشینیں یورینیم کی افزودگی کے لئے کلیدی حیثیت رکھتی ہیں اور ان کی تعداد میں کمی کرنا معاہدے کا مرکزی حصہ تھا۔ اس بابت کام کی ابتدا کی تصدیق تہران سے بھی ہوئی ہے۔ تقریباً 20 سخت گیر اراکین پارلیمان نے صدر حسن روحانی سے تحریری شکایت کی ہے کہ نتانز اور فوردو کے دو پلانٹ میں سینٹری فیوجز کو کم کرنے کا کام بہت تیزی سے ہو رہا ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے گذشتہ ماہ اس نیوکلیئر معاہدے کی مشروط توثیق کی ہے۔ ایران کی پارلیمان نے بھی گذشتہ ماہ اس معاہدے کی تصدیق کی ہے اور اسی طرح امریکی کانگریس نے بھی اسے منظوری دے دی ہے کیونکہ ریپبلیکنز اس معاہدے کو روکنے میں ناکام ہو گئے۔ اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے 2006 سے 2015 کے درمیان ایران میں یورینیم کی افزودگی کو روکنے کے لیے سات قرارداد منظور کی۔

TOPPOPULARRECENT