Monday , August 21 2017
Home / عرب دنیا / ایران پر اپنے شہریوں کو فریضہ حج سے روکنے کا الزام معاہدہ پر دستخط سے انکار کیا گیا : سعودی عرب

ایران پر اپنے شہریوں کو فریضہ حج سے روکنے کا الزام معاہدہ پر دستخط سے انکار کیا گیا : سعودی عرب

جدہ ۔ /17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ حج جیسے فریضہ کو سیاسی رنگ دے رہا ہے اور ایرانی عازمین حج کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کررہا ہے ۔ سعودی عرب کی کابینہ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ ایرانی حج امور کے عہدیداروں نے معاملت پر دستخط سے انکار کیا ۔ سعودی وزارت حج کے عہدیداروں نے اپریل میں ایرانی حج امور کے وفد سے ملاقات کی تھی تاکہ حج کے انتظامات کے بارے میں فیصلہ کیا جائے ۔ سعودی عہدیداروں نے بتایا کہ ایرانی وفد نے رہائش ، ویزا اور دیگر امور کے بارے میں جو تمام ممالک کیلئے لازمی ہیں معاہدہ پر دستخط سے انکار کردیا ۔ وزیر اطلاعات عادل الطریفی نے حکومت ایران پر الزام عائد کیا کہ وہ حج جیسے معاملے کو سیاسی رنگ دیتے ہوئے سعودی حکومت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب دنیا بھر سے مقاماتِ مقدسہ آنے والے تمام مسلمانوں کا خیرمقدم کرتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایران نے خود اپنے ہی شہریوں کو ادائیگی فریضہ حج کے حق سے محروم کردیا ہے اور اس معاملے میں وہ آخرت میں جوابدہ ہوگا ۔واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران کے مابین سفارتی روابط عملاً منقطع ہوچکے ہیں اور دونوں ممالک کے باہمی تعلقات بھی کافی کشیدہ ہیں ۔ گزشتہ سال پیش آئے حج سانحہ اور شام میں جاری جنگ پر ایران کے موقف نے باہمی تعلقات کو مزید ابتر بنادیا ہے اور جاریہ سال ایرانی عازمین کیلئے خصوصی انتظامات کی کوشش ناکام رہی ۔

TOPPOPULARRECENT