Wednesday , August 23 2017
Home / عرب دنیا / ایران کا شام میں فضائی کارروائیوں کا اعلان

ایران کا شام میں فضائی کارروائیوں کا اعلان

طرابلس۔ 15 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ایران نے خانہ جنگی سے تباہ حال عرب ملک ’’شام‘‘ میں اپنے کٹھ پتلی صدر بشارالاسد کے دفاع کے لیے فضائی کارروائیوں کا اعلان کیا ہے۔ ایرانی فضائیہ کے ترجمان نے کہا کہ صدر شام بشارالاسد کی جانب سے مداخلت کی درخواست پر ہمارا فضائیہ فوری حرکت میں آئے گا۔ ایرانی خبر رساں ادارہ’ ’تسنیم‘‘ نے فضائیہ کے ترجمان فرزاد اسماعیلی کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ان کا ملک دمشق کی جانب سے فوجی مداخلت کی درخواست پر فوری کارروائی میں ذرا بھی تاخیر نہیں کرے گا۔ فضائی شعبہ میں بھی شامی فوج کی بھرپور رہنمائی اور معاونت کی جائے گی۔ واضح رہے کہ سال 2011ء کے بعد سے شام میں صدر بشارالاسد کے دفاع میں ایرانی فوج باضابطہ حصے لے رہی ہے تاہم تہران کی جانب سے فوجی مداخلت کو ’’عسکری مشاورت‘‘ اور ’’رہنمائی‘‘ کا نام دیا جاتا ہے،حالانکہ خود ایرانی ذرائع ابلاغ تسلیم کر چکے ہیں کہ شام میں جنگ میں لڑتے ہوئے ایران کے سینکڑوں فوجی افسر، سپاہی اورغیرسرکاری جنگجو ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایرانی فضائیہ کے ترجمان نے کہا کہ شام میں تہران کی فوجی مداخلت سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی براہ راست ہدایات کے عین مطابق ہے۔ شام کیلئے ہماری عسکری خدمات مشاورت کی حد تک ہیں۔ شامی حکومت کے دفاع اور معاونت کے لیے تہران ہرممکن مدد کے لیے تیار ہے۔ خیال رہے کہ ایرانی فضائیہ کی جانب سے شام میں فضائی مداخلت کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب دو روز پیشتر میونخ میں ہونے والی عالمی کانفرنس میں ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا تھا کہ ان کا ملک شام میں امن وامان کے قیام اور جنگ کے خاتمے کیلئے سعودی عرب سے تعاون کرنے تیار ہے۔ ایران کی جانب سے شام میں فضائی کارروائیوں میں حصہ لینے کا اعلان اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ سعودی عرب اور ترکی نے اپنے طور پر شام میں داعش کے خلاف فضائی آپریشن کی تیاریاں شروع کی ہیں۔ سعودی عرب نے اپنی فوج اور جنگی طیارے ترکی پہنچا دیئے ہیں جہاں ترکی نے انجیرلیک فوجی اڈہ سعوی فوج کے حوالے کر دیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT