Friday , September 22 2017
Home / دنیا / ایران کے ساتھ بحران پر جی سی سی کا آئندہ ہفتہ غور و خوض

ایران کے ساتھ بحران پر جی سی سی کا آئندہ ہفتہ غور و خوض

ریاض۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا ایک ہنگامی اجلاس آئندہ ہفتہ کوہورہا ہے، جس میں سعودی سفارت خانہ پر ایرانی حملے کو زیر بحث لایا جائے گا۔ ریاض میں یہ اجلاس اسی موضوع پر عرب لیگ کے طئے شدہ خصوصی اجلاس سے ایک روز قبل منعقد کیا جا رہا ہے۔ جی سی سی سیکریٹری جنرل کے مطابق رکن ممالک کے وزراء خارجہ استثنائی طور پر ایران کیساتھ بحران پر بات چیت کیلئے جمع ہوں گے۔ جی سی سی اجلاس کا اعلان ایسے وقت ہوا ہے جب علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ردعمل کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں آخری موقف منامہ (بحرین) کیجانب سے سامنے آیا جس نے ایران آنے جانے والی تمام پروازیں روک دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل کویت نے تہران میں اپنے سفیر کو واپس بلایا اور اپنے ملک میں ایرانی سفیر کو طلب کر کے احتجاجی یادداشت بھی حوالے کی۔ اس طرح کویت بھی سعودی عرب، یو اے ای ،سوڈان اور بحرین کی صف میں شامل ہو گیا جنہوں نے ایران کیساتھ اپنے سفارتی تعلقات منقطع کرلئے یا تعلقات کی سطح کم کردی ہے۔عالمی سطح پر چین، جرمنی، پاکستان اور ترکی نے سعودی عرب اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ بات چیت کے ذریعہ حالیہ بحران ختم کریں۔

TOPPOPULARRECENT