Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / ایراولی اور نرسم پیٹ میں تقریبا 600 ڈبل بیڈ روم مکانات کی حوالگی

ایراولی اور نرسم پیٹ میں تقریبا 600 ڈبل بیڈ روم مکانات کی حوالگی

چیف منسٹر کے ہاتھوں تقسیم ۔ کیش لیس معاملتوں کو فروغ دینے چندر شیکھر راؤ کا زور
حیدرآباد 23 ڈسمبر ( این ایس ایس ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ریاست میں تمام گاوں خود مکتفی ‘ خود حکمرانی والے اور خود پر انحصار والے بنیں۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ حلقہ اسمبلی میں ایراولی اور نرسم پیٹ گاوں اس سمت پیشرفت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے دوسرے گاووں کو ہمہ جہتی ترقی کیلئے اس کو مثال سمجھنا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے آج ایراولی اور نرسم پیٹ گاووں میں تقریبا 600 ڈبل بیڈ روم مکانات استفادہ کنندگان میں تقسیم کئے ۔ چیف منسٹر نے آج صبح 7.30 بجے ان دو گاووں میں تعمیر کردہ مکانات کی حوالگی سے قبل ایک تقریب میں حصہ لیا ۔ چیف منسٹر نے ایراولی گاوں میں ایک کلیان منڈپم کا بھی افتتاح کیا ۔ چیف منسٹر نے ایراولی گاوں میں تونڈور رامچندر کے مکان کا اور نرسم پیٹ گاوں میں بی پروتالو یادو کے مکان کا دورہ کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی ۔

چیف منسٹر نے اس موقع پر دونوں گاووں میں گھوم کر عوام سے ملاقات کی اور ان سے شخصی طورپر سوالات کئے ۔ چیف منسٹر نے ایراولی اور نرسم پیٹ گاوں کو کیش لیس معاملت کے گاوں قرار دیا اور یہاں عوام میں سوائپنگ مشینس تقسیم کئے ۔ مکانات کی حوالگی کے ساتھ ٹی آر ایس حکومت نے چیف منسٹر کی جانب سے غریب عوام کو ڈبل بیڈ روم مکانات فراہم کرنے کے وعدہ کی تکمیل کی سمت پیشرفت کی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ان گاووں میں تمام بنیادی سہولیات سے آراستہ تقریبا 600 مکانات استفادہ کنندگان میں تقسیم کردئے ۔ 330 مکانات ایراولی گاوں میں اور 159 مکانات نرسم پیٹ گاوں میں استفادہ کنندگان میں تقسیم کئے گئے ۔ انہوں نے ایراولی میں ایک کمیونٹی ہال کا افتتاح بھی انجام دیا ۔ اس موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ایراولی اور نرسم پیٹ گاووں کو کیش لیس معاملت والے گاوں قرار دیدیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر آبپاشی ہریش راؤ کی قیادت میں پہلی مرتبہ سدی پیٹ حلقہ اسمبلی میں ابراہیم پور گاوں کو ریاست کا پہلا کیش لیس گاؤں قرار دیا گیا تھا ۔ ابراہیم پور کو دیکھتے ہوئے ایراولی اور نرسم پیٹ گاوں بھی اب کیش لیس بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیش لیس ماڈل دوسرے گاووں تک بھی وسعت اختیار کرنے کی ضرورت ہے اور تلنگانہ کو کیش لیس معاملت میں ملک بھر میں پہلی ریاست بن جانا چاہئے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس تجربہ کو کامیاب بنائیں۔

ہریتا ہارم میں بے قاعدگیوں کا الزام ‘ سدھاکر ریڈی
حیدرآباد 23 ڈسمبر ( آئی این این ) کانگریس ایم یال سی پی سدھاکر ریڈی نے آج الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت کے ہریتا ہارم پروگرام میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں ہوئی ہیں۔ قانون ساز کونسل میںاس مسئلہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ جی ایچ ایم سی حدود میں اس مہم میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم تو چلائی لیکن اس نے پودوں کے تحفظ کے اقدامات نہیں کئے ۔

TOPPOPULARRECENT