Sunday , May 28 2017
Home / شہر کی خبریں / ایس ایس سی امتحانات پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ نظر

ایس ایس سی امتحانات پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ نظر

حیدرآباد۔20فروری (سیاست نیوز) ایس ایس سی امتحانات میں سی سی ٹی وی کیمرے طلبہ کی نگرانی کریں گے۔ محکمہ تعلیم نے ریاست میں ایس ایس سی امتحانات کے تمام مراکز کو سی سی ٹی وی کیمروں سے لیس کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تلبیس شخصی اور نقل نویسی پر مکمل قابو پایا جاسکے ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے سال گذشتہ کئے گئے تجربہ کے بعد اب اسے مکمل طور پر نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ محکمہ تعلیم اور بورڈ آف سیکنڈری نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ شہر کے علاوہ تمام اضلاع میں امتحانی مراکز کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایس ایس سی امتحانات میں شفافیت کی برقراری اور ان امتحانات میں کسی قسم کی دھاندلیاں نہ ہوں اس کے لئے اعلی سطحی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ سال گذشتہ حکومت کی جانب سے ریاست کے 200سے زائد امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے تھے جس کے نتیجہ میں نقل نویسی اور تلبیس شخصی کے واقعات میں کافی کمی ریکارڈ کی گئی تھی اسی لئے اس مرتبہ تمام مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ محکمہ تعلیم کے ایک ذمہ دار عہدیدار نے بتایا کہ ریاست میں سال گذشتہ ایمسیٹ کے پرچہ سوالات کے افشاء کے واقعہ کے بعد سے اس مرتبہ ایس ایس سی امتحانات کے لئے خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے متعلق باضابطہ طور پر طلبہ کو واقف کروایا جانا چاہئے تاکہ ان کے ذہنوں پر کوئی منفی بوجھ نہ رہے ۔ امتحانی میں مراکز میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب طلبہ کے لئے باعث الجھن بھی نہیں ہونی چاہئے کیونکہ حکومت کی جانب سے کیا جانا والا یہ اقدام امتحانی امور میں شفافیت کے لئے کیا جا رہا ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT