Tuesday , May 23 2017
Home / Top Stories / ایس ایس سی امتحانات کے نتائج کا اعلان

ایس ایس سی امتحانات کے نتائج کا اعلان

کامیابی کا اوسط 84.15 فیصد، ضلع جگتیال کو پہلا اور ضلع ونپرتی کو سب سے آخری مقام

حیدرآباد ۔ 3 مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ماہ مارچ کے اختتام تک منعقدہ امتحانات ایس ایس سی کے نتائج کا آج اعلان کردیا گیا۔ ریگولر طلباء کے نتائج کا اوسط 84.15 فیصد اور پرائیویٹ طلباء کے نتائج کا اوسط 35.92 فیصد رہا اور لڑکوں کے مقابلہ میں لڑکیوں کو ہی سبقت حاصل رہی۔ آج شام سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر برائے امور تعلیم مسٹر کے سری ہری نے امتحانات ایس ایس سی کے نتائج جاری کئے اور بتایا کہ جملہ 5.33.701 طلباء و طالبات امتحانات ایس ایس سی میں شریک ہوئے جن کے منجملہ 5.07.938 ریگولر اور 25,763 پرائیویٹ طلباء و طالبات شامل تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ ریاست بھر میں 2005 اسکولس کا نتیجہ صدفیصد رہا جبکہ 28 اسکولس کا نتیجہ صفر رہا اور ریاست تلنگانہ میں ضلع جگتیال نتائج کے اوسط میں سرفہرست رہا جہاں 97.35 فیصد طلباء و طالبات نے کامیابی حاصل کی۔ علاوہ ازیں ضلع ونپرتی کو امتحانات ایس ایس سی کے نتائج میں سب سے آخری مقام حاصل ہوا جہاں 64.81 فیصد طلباء و طالبات نے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے بتایاکہ سال مارچ 2016ء میں منعقدہ امتحانات ایس ایس سی کے نتائج 85.63 فیصد تھے لیکن اس سال یعنی مارچ 2017ء میں منعقدہ امتحانات ایس ایس سی کے نتائج کا اوسط 84.15 فیصد رہا۔ اس طرح گذشتہ سال کے مقابلہ میں اس سال یعنی 2017ء کے نتائج کا اوسط 1.48 فیصد کم رہا۔ مسٹر سری ہری نے مزید بتایا کہ صفر نتیجہ حاصل کرنے والے مدارس میں 20 پرائیویٹ، ایک گورنمنٹ، 5 ایڈیڈ اور دو ضلع پریشد ہائی اسکولس شامل ہیں۔ امتحانات ایس ایس سی کے نتائج میں ضلع کریم نگر کو ریاست بھر میں دوسرا اور ضلع جنگاؤں کو تیسرا مقام حاصل ہوا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امتحانات ایس ایس سی کے انعقاد میں سخت اقدامات کئے گئے جس کے نتیجہ میں ہی امتحانی نتائج میں کسی قدر کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نشانات کی دوبارہ گنتی کروانے کیلئے ہر مضمون (پرچہ کیلئے) 500 روپئے اور ری ویریفیکیشن فی مضمون (پرچہ) کیلئے ایک ہزار روپئے چالان کے ذریعہ داخل کرکے بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن میں پیش کرکے کروانا ہوگا اور ری ویریفیکیشن کیلئے درخواست داخل کرنے والے طلباء و طالبات کیلئے ری کاؤنٹنگ کیلئے درخواست دینے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ نتائج امتحانات ایس ایس سی کی اجرائی کے موقع پر اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ تعلیم شریمتی رنجیو رکر آچاریہ ڈائرکٹر محکمہ اسکول تعلیم مسٹر جی کشن و دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT