Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / ایس ایس سی بورڈ کے ویب سائیٹس غیر کارکرد

ایس ایس سی بورڈ کے ویب سائیٹس غیر کارکرد

امتحان فیس کی آن لائین ادائیگی میں طلباء و اسکول انتظامیہ کو مشکلات
حیدرآباد ۔ /20 نومبر (سیاست نیوز) ایس ایس سی امیدواروں کی فیس و تفصیلات جو کہ آن لائین داخل کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں ان پر عمل آوری کیلئے تاحال بورڈ آف سکنڈری کی ویب سائیٹ کام ہی نہیں کررہی ہے ۔ سرکاری و خانگی اسکولوں کے ذمہ داران نے اس بات کی شکایت کی کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے اختیار کردہ لاپرواہی پر مبنی طرز کارکردگی سے نہ صرف اسکولوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے بلکہ اسکول انتظامیہ طلبہ کی تفصیلات متعلقہ محکمہ کو پہونچانے سے بھی قاصر ہیں ۔ ابتداء میں محکمہ کی جانب سے /16 نومبر فیس کے ادخال کی آخری تاریخ مقرر کرتے ہوئے /21 نومبر تک کی مہلت اسکول انتظامیہ کو فراہم کی گئی تھی تاکہ اسکول انتظامیہ تمام امیدواروں کی فہرست و تفصیلات آن لائین داخل کرسکیں لیکن اب تک بھی ویب سائیٹ عدم کارکرد ہونے کے باعث محکمہ کی جانب سے /21 نومبر تک کی مہلت میں مزید توسیع کرتے ہوئے اسے /23 نومبر کردیا گیا ہے ۔ اس کے باوجود بھی اب تک آن لائین تفصیلات فراہم کرنے کے عمل کو شروع نہیں کیا جاسکا ہے جس کی بنیادی وجہ ویب سائیٹ میں موجود ٹکنیکی خرابی بتائی جارہی ہے ۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے تاحال سابقہ تعلیمی نصاب پر امتحان کے متعلق صراحت نہیں کی گئی ہے جبکہ سینکڑوں طلبہ جو کہ سال گزشتہ قدیم نصاب کا امتحان لکھنے کے بعد ناکام ہوئے تھے وہ اس مرتبہ امتحانی فیس ادا کررہے ہیں لیکن انہیں اب تک یہ بات پتہ نہیں ہے کہ آیا وہ سابقہ نصاب کے پرچہ سوالات حل کریں گے یا پھر انہیں بھی نئے نصاب کے مطابق پرچہ سوالات حل کرنے ہوں گے ۔ اسی طرح محکمہ تعلیم کی جانب سے اختیار کردہ رویہ سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ محکمہ کو خود طلبہ کے مستقبل کی کوئی فکر نہیں ہے جبکہ طلبہ کی جانب سے کئی مرتبہ اصرار کیا جاچکا ہے کہ اس بات کی صراحت کی جائے کہ آیا قدیم نصاب پر امتحان منعقد ہوں گے یا نہیں ۔

TOPPOPULARRECENT