Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / ایس ایس سی کے امتحانی مراکز میں کمی کا فیصلہ

ایس ایس سی کے امتحانی مراکز میں کمی کا فیصلہ

سرکاری اسکولس و جونیر کالجس میں امتحانات منعقد کرنے کو ترجیح

حیدرآباد۔12فروری(سیاست نیوز) محکمہ تعلیم کی جانب سے خانگی اسکولوں میں ایس ایس سی امتحانی مراکز میں بتدریج کمی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس فیصلہ کے تحت جاریہ سال 17مارچ سے شروع ہونے والے ایس ایس سی امتحانات سے ہی عمل آوری کی جائے گی۔ ایس ایس سی امتحانات میں بدعنوانیوں کے خاتمہ کیلئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایس ایس سی امتحانات زیادہ سے زیادہ سرکاری ہائی اسکولوں اور جونیئر کالجس میں منعقد کئے جائیں۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کے بموجب ریاست میں ایس ایس سی امتحانات کے دوران کی جانے والی بدعنوانیوں میں خانگی اسکولوں کے ذمہ داروں کے ملوث ہونے کی شکایات اور خانگی امتحانی مراکز میں جاری من مانی کے خاتمہ کیلئے اقدامات کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس فیصلہ کے تحت محکمہ تعلیم نے جاریہ سال خانگی اسکولوں میں صرف 900امتحانی مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ایس ایس سی 2016کے دوران 1200خانگی تعلیمی اداروں میں ایس ایس سی امتحانی مراکز کا قیام عمل میںلایا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ تعلیم نے ایس ایس سی 2017کے لئے جملہ 2556امتحانی مراکز کی نشاندہی کرلی ہے جس میں 2411مراکز میں ریگولر طلبہ کے مراکز قائم کئے جائیں گے۔ جاریہ سال ایس ایس سی امتحانات تحریر کرنے والے طلبہ کی تعداد میں بھی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے تفصیلات کے بموجب ایس ایس سی 2017 میں 5لاکھ37ہزار طلبہ امتحان تحریر کریں گے جبکہ سال گذشتہ 5لاکھ 56ہزار طلبہ نے ایس ایس سی امتحان تحریر کیا تھا۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کے مطابق سرکاری اسکولوں اور کالجس میں بہتر انفراسٹرکچر کی فراہمی ممکن بنائے جانے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ ریاست کے خانگی تعلیمی اداروں میں ایس ایس سی امتحانی مراکز کے قیام کے بجائے سرکاری جونیئر کالجس و ہائی اسکولوں میں امتحانی مراکز کا قیام عمل میںلایا جائے۔2016ایس ایس سی امتحانات کے دوران محکمہ تعلیم نے اس بات کو نوٹس کیا کہ کئی مقامات پر بیجا شکایات اور خانگی اسکولوں کے درمیان مسابقت کے سبب محکمہ کو غلط اطلاعات فراہم کرتے ہوئے گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی ان حالات کو محسوس کرنے کے بعد یہ سخت گیر فیصلہ کیا گیا کہ خانگی اسکولوں میں امتحانی مراکز کے قیام میں تخفیف کی جائے تاکہ ان امتحانات کا بہتر انداز میں انعقاد عمل میںلایا جا سکے۔علاوہ ازیں14مارچ سے شروع ہو رہے او ایس ایس سی اور 17مارچ سے شروع ہو رہے ایس ایس سی امتحانات میں مزید تبدیلیوں کے متعلق بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ امتحانی مراکز پر کڑی نگاہ رکھی جا سکے۔ذرائع کے بموجب محکمہ تعلیم کی جانب سے مسابقتی امتحانات کے طرز پر ایس ایس سی امتحانی مراکز میں بھی سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے متعلق غور کیا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کے ساتھ ساتھ ممتحن اور نگران پر بھی نظریں مرکوز کی جاسکیں۔بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں حکومت سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے تاکہ ایس ایس سی امتحانات میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو ممکن بنایا جا سکے۔محکمہ تعلیم کے اس منصوبہ کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ یہ منصوبہ نئی تعلیمی پالیسی کا ہی حصہ ہے اور اس منصوبہ پر عمل آوری کے ذریعہ صاف و شفاف امتحانات کے انعقاد کو ممکن بنایاجا سکے گا جس کا طلبہ کوہی فائدہ ہو گا اور وہ مستقبل میں مسابقتی امتحانات لکھنے کا تجربہ حاصل کرسکیں گے۔

TOPPOPULARRECENT