Tuesday , September 26 2017
Home / عرب دنیا / ایشٹن کارٹر کی دعوت پر سعودی وزیر دفاع امریکہ روانہ

ایشٹن کارٹر کی دعوت پر سعودی وزیر دفاع امریکہ روانہ

خطہ کی صورتحال پر اہم بات چیت ، سعودی ۔امریکہ کے 1931 ء کے تعلقات کا اعادہ
ریاض۔ 13 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) سعودی نائب ولیعہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان پیر کے روز سرکاری دورے پر واشنگٹن روانہ ہو گئے جہاں وہ متعدد ذمہ داران کے ساتھ ملاقاتوں میں دونوں ملکوں کے درمیان خصوصی تعلقات کی مضبوطی اور باہمی دلچسپی کے حامل علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ شہزادہ سلمان کو اس دورے کی دعوت امریکہ نے دی تھی۔سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان تعلقات کا آغاز 1931 میں اُس وقت ہوا جب سعودی عرب کے بانی شاہ عبدالعزیز آل سعود نے ایک امریکی کمپنی کو مملکت میں تیل تلاش کرنے کا اختیار دیا۔ اس کے بعد 1933 میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ مذکورہ معاہدے کے 12 برس بعد 14 فروری 1945ء کو شاہ عبدالعزیز نے امریکی صدر فرینکلن روزویلٹ سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کی بنیاد رکھ دی۔یہ ملاقات سعودی امریکی تعلقات کو مختلف میدانوں میں تزویراتی اتحاد کے مرحلے میں بدلنے کے حوالے سے اہم موڑ ثابت ہوئی اور مملکت کو اپنے قومی مفادات کے پورا کرنے کیلئے امریکہ سمیت دنیا کے دیگر ملکوں کے ساتھ تعاون کا بھرپور موقع میسر آیا۔سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان سیکورٹی تعلقات اور دفاعی امور میں مضبوطی لانے کیلئے شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیر دفاع کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے امریکہ میں ذمہ داران کے ساتھ متعدد اجلاس اور ملاقاتیں منعقد کیں۔سال 2015ء میں شہزادہ محمد بن سلمان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف کے زیر قیادت اُس وفد میں شامل ہو کر امریکہ پہنچے جو خلیج تعاون کونسل ممالک کے قائدین کی امریکی صدر باراک اوباما کے ساتھ ملاقات میں شریک تھا۔دورے میں شہزادہ محمد نے امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر سے بھی ملاقات کی۔ اسی سال شہزادہ محمد نے خلیج عرب میں امریکی طیارہ بردار بحری جہاز USS Theodore Roosevelt کا دورہ کیا اور اس کی حملہ آور اور دفاعی ذمہ داریوں کے علاوہ آبدوز شکن صلاحیتوں سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ رواں سال سعودی وزیر دفاع امریکی وزیر توانائی ، امریکی وسطی کمان کے کمانڈر اور امریکی مرکزی کمان کے کمانڈر سے ملاقات کرچکے ہیں۔ وہ امریکی کانگریس کے ایک وفد سے بھی مل چکے ہیں۔ 20 اپریل کو سعودی نائب ولی عہد اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان ریاض میں اہم ملاقات ہوئی تھی ۔

TOPPOPULARRECENT