Tuesday , August 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / ایشیا چمپین شپ کیلئے میں جسمانی اور ذہنی طور پر فٹ ہوں

ایشیا چمپین شپ کیلئے میں جسمانی اور ذہنی طور پر فٹ ہوں

ماہر کوچ سے ٹریننگ کا دیرینہ مطالبہ پورا ہونے کے بعد جوالا کا بیان
حیدرآباد۔ 14 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی اسٹار بیاڈمنٹن کھلاڑی جوالاگٹہ نے ماہر کوچ کی نگرانی میں ٹریننگ کا مطالبہ پورا کئے جانے کے بعد کہا ہے کہ وہ کل سے یہاں شروع ہورہی ایشیا چمپین شپ میں جسمانی طور پر فٹ اور ذہنی طور پر مستحکم ہوکر میدان میں اُترے گی۔ جوالا نے کہا کہ انہیں اور ان کی جوڑی دار اشونی پونپا کو مسلسل تعاون کی ضرورت ہے جو انہیں ملائیشیا ئی  ماہر کوچ Tan Kim Her کے ذریعہ حاصل ہورہا ہے ۔ کمہر دنیا کی 13 ویں نمبر کی اس جوڑی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ جوالا نے کہا کہ پہلے کے مقابلے میں کافی تبدیلی آئی ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ اسے واضح طور پر محسوس کیا جاسکتا ہے۔ میں اب پہلے سے زیادہ فٹ ہوگئی ہوں ، کوئی ہے جو ٹریننگ پر نظر رکھ رہا ہے۔ ہمارے کمہر ہمیں کافی توجہ کے ساتھ ٹریننگ دے رہے ہیں۔ دراصل ہمیں اسی طرح کی توجہ کی ضرورت تھی، جس کے بارے میں کافی عرصہ سے مطالبہ کررہی تھی۔ اس موقع پر غیرمنافع بخش ادارہ اولمپک گولڈ کوئسٹ (اوجیکو) کے ذریعہ حاصل ہونے والی ٹریننگ کی بھی جوالہ نے ستائش کی۔ او جیکو، ہندوستان میں کئی کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کررہا ہے۔ جوالا نے مزید کہا کہ اشونی اور میں نے ہمیشہ قریب رہنے کی کوشش کی ہے ، بات صرف اتنی تھی کہ ہمیں مسلسل تعاون کی ضرورت تھی جو اب ہمیں حاصل ہورہا ہے۔ جوالا کے مطابق کورٹ میں بھی ان کے مومنٹ میں بہتری آئی ہے ۔ تکنیکی طور پر میں بُری نہیں ہوں۔ مجھے بنیادی طور پر صحت اور کورٹ کوریج پر کام کرنا تھا اور کوچ نے مجھے اس کیلئے مکمل طور پر ٹریننگ دی ہے۔

TOPPOPULARRECENT