Tuesday , October 17 2017
Home / شہر کی خبریں / ایمرجنسی تعمیری کاموں کے لیے قوانین میں ترمیم

ایمرجنسی تعمیری کاموں کے لیے قوانین میں ترمیم

سڑکوں کی خستہ حالی اور مرمت پر اجلاس ، وزیر کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد۔20جولائی (سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں ایمرجنسی تعمیری کاموں کیلئے قوانین میں ترمیم کرتے ہوئے حکومت نے احکام جاری کردیئے ہیں۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤنے شہر حیدرآباد کی سڑکوں کی حالت اور ان کی مرمت کے متعلق جائزہ اجلاس طلب کرتے ہوئے حالات سے آگہی حاصل کی۔ اس اجلاس میں مئیر جی ایچ ایم سی مسٹر بی رام موہن ‘ کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی ‘ صدرنشین وکمشنر حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی مسٹر ٹی چرنجیولو ‘ پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر نوین متل کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ اجلاس کے دوران عہدیداروں نے مسٹر کے ٹی راما راؤ کو اس بات سے واقف کروایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں تعمیری و مرمتی کاموں کے لئے ٹنڈر کی طلبی کا عمل طویل ہونے کے سبب ہنگامی مرمتی کاموں میں بھی تاخیر ریکارڈ کی جا رہی ہے اور اسے دور کرنے کے لئے احکام میں ترمیم ناگزیر ہے ۔ ریاستی وزیر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ہنگامی تعمیری و مرمتی کاموں کی انجام دہی کیلئے منصوبہ تیار کریں اور حکومت کی جانب سے جلد اس سلسلہ میں احکامات میں ترمیم کے سلسلہ میں احکام کی اجرائی عمل میںلائی جائے گی۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے اجلاس میں حیدرآباد کی سڑکوں کے مرمتی کاموں کے متعلق تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ بلدیہ کی جانب سے معمولی کاموں کی انجام دہی کو یقینی بنانے کے علاوہ جن علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہو رہاہے ان علاقوں میں پانی جمع ہونے کی وجوہات کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں دور کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ا ور اس سلسلہ میں تمام زونس کے عہدیداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ ہنگامی مرمتی و تعمیری کاموں کی انجام دہی میں ہونے والی تاخیر کو دور کرنے کے لئے ریاستی حکومت نے جی او آر ٹی 418جاری کرتے ہوئے ٹنڈر کی طلبی کے عمل میں تخفیف کرتے ہوئے مانسون سے متعلق کاموں کے لئے ٹنڈر کے ادخال کی حد کو 14دن سے گھٹا کر 1 دن کردیا ۔حکومت تلنگانہ کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق مانسون سے متعلق ہنگامی مرمتی ‘ تعمیری و انہدامی کاموں کیلئے ٹنڈر کی طلبی کیلئے متعین مدت میں تخفیف کرتے ہوئے اسے ایک دن کردیا گیا ہے اور اب جی ایچ ایم سی یا ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے کاموں کی نشاندہی کرتے ہوئے ٹنڈر کی اشاعت کے فوری بعد ٹنڈر داخل کیا جا سکتا ہے اور اس کیلئے صرف ایک دن کی مہلت حاصل رہے گی جبکہ سابق میں پہلے ٹنڈر کیلئے 14دن اور دوسرے ٹنڈر کیلئے 7دن کی مہلت حاصل ہوا کرتی تھی ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اس ترمیم کا اطلاق صرف مانسون سے متعلق ہنگامی تعمیری و مرمتی کاموں پر ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT