Monday , October 23 2017
Home / شہر کی خبریں / ایمسیٹ آفس کے روبرو احتجاجی دھرنا

ایمسیٹ آفس کے روبرو احتجاجی دھرنا

حیدرآباد۔/20جولائی، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسیس میں داخلوں کیلئے منعقدہ ایمسیٹ II میں پرچہ سوالات کا افشاء ہونے کی اطلاعات پر مختلف طلباء تنظیموں نے جواہر لعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی میں ایمسیٹ آفس کے روبرو زبردست احتجاجی دھرنا پروگرام منظم کیا اور اس معاملت میں ملوث پائے جانے والے افراد کا پتہ چلا کر انہیں گرفتار کرکے سخت کارروائی کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔ دھرنا منظم کرنے والی طلباء تنظیموں میں آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن، اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا، تلگودیشم پارٹی کی ملحقہ تنظیم تلگو ناڈو اسٹوڈنٹس فیڈریشن اور نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا سے وابستہ طلباء شامل ہیں۔ احتجاجی طلباء یونینوں کے قائدین نے اس موقع پر احتجاجی طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایمسیٹ ۔II کے پرچہ سوالات کا افشاء کرکے غریب طلباء کے ساتھ مکمل ناانصافی کی گئی، اس معاملہ کی فی الفور اعلیٰ سطحی تحقیقات کروانے کا حکومت سے پرزور مطالبہ کیا اور طلباء تنظیموں کے قائدین نے کنوینر ایمسیٹ II پروفیسر این وی رمنا راؤ کو گرفتار کرکے اس معاملہ کی تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں احتجاجی طلباء کو حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔

ایمسیٹ II کے پرچہ سوالات افشاء ہونے کا الزام مسترد
حیدرآباد۔/20جولائی، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر برائے امور تعلیم مسٹر کے سری ہری نے ریاست تلنگانہ کے میڈیکل اورڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے حصول کیلئے منعقدہ ایمسیٹII کے پرچہ سوالات کا افشاء ہونے اور ایمسیٹ II کے انعقاد میں بعض مبینہ بے قاعدگیوں کے عائد کئے جانے والے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ ایمسیٹ II کا انتہائی منظم انداز میں کامیاب انعقاد عمل میں لایا گیا اور اس طرح ایمسیٹ IIکے پرچہ سوالات کا افشاء ہونے اور بعض مبینہ بے قاعدگیوں کے واقعات پیش آنے کا ہرگز کوئی سوال پیدا نہیں ہوگا۔ انہوں نے ان الزامات کی سخت مذمت کی۔ مسٹر کے سری ہری نے واضح طور پر کہا کہ حکومت ان الزامات کی مکمل تحقیقات کروانے سے بھی گریز نہیں کررہی ہے بلکہ اس سلسلہ میں ضروری ہدایات دے دی گئی ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر کے سری ہری جنہوں نے آج مسٹر جوگو رامنا وزیر جنگلات و ماحولیات کے ہمراہ میڈارم کے مقام پر منظم کردہ ہریتا ہارم پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے پودے لگانے کے بعد اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایمسیٹ II کے پرچہ سوالات کا افشاء ہونے کے عائد کئے جانے والے الزامات کی محکمہ صحت ( میڈیکل ایجوکیشن ) محکمہ تعلیمات ( جے این ٹی یو ) اور سی آئی ڈی تین شعبہ جات ملکر مکمل تحقیقات کریں گے اور ایمسیٹ II کے پرچہ افشاء ہونے کے معاملہ میں کوئی ملوث پائے جانے کی صورت میں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے سری ہری نے پرچہ افشاء معاملہ کے تعلق سے کسی قسم کی تشویش میں مبتلاء نہ ہونے کی طلباء سے پرزور خواہش کی۔

TOPPOPULARRECENT