Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / ایمسیٹ 2 امتحان تحریر کرنے سے طلباء کی عدم دلچسپی،صرف 54 ہزار طلباء کا اندراج ، نیٹ کیلئے خود کو تیار کرنے مصروف

ایمسیٹ 2 امتحان تحریر کرنے سے طلباء کی عدم دلچسپی،صرف 54 ہزار طلباء کا اندراج ، نیٹ کیلئے خود کو تیار کرنے مصروف

حیدرآباد۔14جون (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ایمسیٹ۔2 برائے میڈیسن کیلئے فیس کی آخری تاریخ 7جون مقرر کی گئی تھی لیکن طلبہ کی تعداد میں قابل لحاظ کمی کو دیکھتے ہوئے اس میں ایک ہفتہ کی توسیع بھی فراہم کی گئی لیکن اس توسیع کے باوجود بھی ایمسیٹ۔2میں 54ہزار351 طلبہ امتحان تحریر کریں گے۔ تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلی تعلیمات کی جانب سے میڈیسن کیلئے منعقد ہونے جا رہے آخری ریاستی سطح کے امتحان میں طلبہ کی زیادہ تعداد کی توقع کی جا رہی تھی لیکن سمجھا جا رہا ہے کہ طلبہ NEETکیلئے خود کو تیار کر رہے ہیں تا کہ دیگر ریاستوں میں داخلوں کے حصول میں سہولت حاصل ہو سکے۔میڈیسن میں داخلوں کیلئے ایمسیٹ ۔2میں طلبہ کی تعداد میں خاصی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایمسیٹ امتحانات کے دوران NEETیا ریاستی اہلیتی امتحان کی تحریر کے متعلق تشویش میں مبتلاء طلبہ نے 15مئی کو ریاست تلنگانہ میں منعقد ہوئے اہلیتی امتحان میں شرکت کی تھی لیکن اس اہلیتی امتحان کے بعد میڈیسن میں داخلہ کیلئے سپریم کورٹ کے احکام پر مرکزی حکومت نے آرڈیننس جاری کرتے ہوئے ایک سال کیلئے ریاستی سطح پر منعقد ہونے والے اہلیتی امتحانات کو منظوری فراہم کی ہے۔ اس آرڈیننس کی اجرائی کے بعد ریاست تلنگانہ میںایمسیٹ۔2برائے میڈیسن کے انعقاد کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے 9جولائی کو ایمسیٹ کے انعقادکا اعلان کیا گیا ۔اس امتحان میں شرکت کرنے والوں کی تعداد میں آئی گراوٹ کے متعلق ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ ریاست میں منعقد ہونے جا رہے ایمسیٹ میں وہی طلبہ حصہ لے رہے ہیں جنہیں مسابقت میں حصہ لیتے ہوئے کامیابی کے حصول کا یقین ہے۔ 15مئی کو منعقد ہوئے ایمسیٹ کے دوران میڈیسن زمرے میں زائد از ایک لاکھ طلبہ نے امتحان تحریر کیا تھا ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اب جو ایمسیٹ ۔2ہونے جا رہا ہے اس میںکامیاب طلبہ صرف ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلہ کے اہل ہوں گے اسی لئے تعداد میں کمی ہو سکتی ہے چونکہ ایمسیٹ ۔1میں میڈیسن اسٹریم میں امتحان تحریر کرنے والے امیدواروں میں کامیاب امیدواروں کو ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے سواء دیگر کورسس جیسے اگریکلچر ‘ ویٹرنری ‘ فارما وغیرہ میں داخلوں کا اہل قرار دیا گیا ہے اور جو طلبہ ان کورسس میں داخلوں کے حصول کا منصوبہ تیار کر چکے تھے انہیں ایمسیٹ۔2میں حصہ لینے کی ضرورت ہی محسوس نہیں ہوئی۔

TOPPOPULARRECENT