Wednesday , August 23 2017
Home / دنیا / ایم جی آر اور مرلیدھرن دو قابل فخر تمل شخصیات : مودی

ایم جی آر اور مرلیدھرن دو قابل فخر تمل شخصیات : مودی

کولمبو ۔ 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے سری لنکا اور ہندوستان میں تمل عوام کی نمایاں خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ تمل عوام نے ہی دو عظیم ہستیوں کا تحفہ ہمیں دیا جن میں ایک قومی سطح کے تمل فلم اداکار سے سیاستداں بن جانے والے ایم جی آر تھے اور دوسرے جانے مانے کرکٹر متھیا مرلیدھرن ہیں۔ سری لنکا میں ہندوستانی نژاد تمل باشندوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کی چند قدیم ترین زبانوں میں سے ایک زبان یعنی تمل بولتے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ یہ بھی قابل فخر بات ہیکہ آپ تمل زبان کے علاوہ سنہالا زبان بھی بخوبی بولتے اور سمجھتے ہیں۔ تمل عوام کا سری لنکا کے تئیں خدمات کا سلسلہ بہت قدیم ہے جب سری لنکا کو ’’سیلون‘‘ کے نام سے جانا جاتا تھا۔ انہوں نے ایم جی آر اور متھیا مرلیدھرن کا نام لیکر سری لنکا اور ہندوستان میں موجود تمل باشندوں کے درمیان پائی جانے والی خلیج کو پُر کرنے کی کوشش کی۔ ایم جی آر جو سری لنکا کے شہر کنیڈی میں پیدا ہوئے، ایک ہندوستانی فلم اداکار اور سیاستداں کی  حیثیت سے مشہور ہوئے تھے۔ 1977 تا 1987 وہ تملناڈو کے وزیراعلیٰ رہے۔ وہ تمل باشندوں کی پسندیدہ شخصیت تھے۔ اسی طرح متھیا مرلیدھرن بھی کینڈی میں پیدا ہوئے۔ ٹسٹ کرکٹ اور او ڈی آئی میں وہ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بالر مانے جاتے ہیں۔ متھیا مرلیدھرن نے 2015ء میں چینائی کی ایک خاتون سے شادی کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT