Sunday , August 20 2017
Home / سیاسیات / ایم سی ڈی چناؤ : قطعی بی جے پی فہرست میں چھ مسلم امیدوار

ایم سی ڈی چناؤ : قطعی بی جے پی فہرست میں چھ مسلم امیدوار

100 امیدواروں میں خواتین کو ترجیح ۔ 272 کے منجملہ 260 وارڈز پر مقابلہ

نئی دہلی ، 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کئی گوشوں سے دباؤ سے نمٹتے ہوئے بی جے پی نے ایم سی ڈی چناؤ کیلئے 100 امیدواروں کی اپنی دوسری و قطعی فہرست آج جاری کرنے میں کامیابی پائی، جس میں خواتین کو ترجیح دی گئی۔ بی جے پی امیدواروں کی فہرست کی اجرائی نامزدگیوں کا ادخال بند ہونے سے چند گھنٹے پیشتر ہوئی ہے۔ سینئر پارٹی لیڈر نے کہا کہ یہ فہرست سے پارٹی کے خواتین کو بااختیار بنانے کے تئیں عہد کا اظہار ہوتا ہے۔ دہلی میں جملہ 272 وارڈز ہیں جن میں سے 160 امیدواروں کی اپنی پہلی فہرست کا بی جے پی نے گزشتہ روز اعلان کردیا تھا۔ ٹکٹ پانے والے نمایاں چہروں میں پونم پرساد جھا، صدر دہلی بی جے پی مہیلا مورچہ اور اہلیہ سابق ایم ایل اے انیل جھا شامل ہیں۔ وہ نارتھ دہلی میونسپل کارپوریشن میں مبارکپور دابس وارڈ پر چناؤ لڑیں گی۔ بی جے پی نے ایم سی ڈی چناؤ میں چھ مسلم امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے۔ قطعی فہرست میں روبینہ کو این ڈی ایم سی کے قریش نگر سے پارٹی امیدوار نامزد کیا گیا اور جمال حیدر کو ساؤتھ دہلی میونسپل کارپوریشن میں ابوالفضل انکلیوو سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ قطعی فہرست میں این ڈی ایم سی میں 34 امیدواران، ایس ڈی ایم سی میں 40 اور ایسٹ دہلی میونسپل کارپوریشن میں 26 امیدواروں کے نام شامل ہیں۔ پارٹی ذرائع نے کہا کہ قیادت پر کئی گوشوں سے بہت زیادہ دباؤ رہا جن میں موجودہ ایم پیز، سابق لیجسلیٹرز اور سابق کونسلرز شامل ہیں جو ٹکٹوں کیلئے قومی قائدین اور آر ایس ایس کے پاس پُرزور مہم چلا تے رہے ہیں ۔ پارٹی نے قبل ازیں فیصلہ کرلیا تھا کہ سبکدوش ہونے والے کونسلروں کو اِس مرتبہ ٹکٹ نہیں دیئے جائیں گے تاکہ مخالف حکمرانی عنصر کا ازالہ ہوجائے۔ بی جے پی نے پانچ ٹکٹ اپنی حلیف اکالی دل کو دیئے ہیں جو بی جے پی کے نشان ’کنول‘ پر ہی چناؤ لڑیں گے۔

TOPPOPULARRECENT