Thursday , August 17 2017
Home / دنیا / ایم کیو ایم سے منسلک درجنوں بینک اکاؤٹنس کا انکشاف

ایم کیو ایم سے منسلک درجنوں بینک اکاؤٹنس کا انکشاف

لندن ۔ 17 جون (سیاست ڈاٹ کام) بی بی سی کو حاصل ہونے والی برطانوی پولیس کی دستاویزات میں منی لانڈرنگ کے معاملے میں تحقیقات کا سامنا کرنے والی پاکستانی سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ سے منسلک لندن کے 70 سے زائد بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات موجود ہیں۔ ان اکاؤنٹس میں سے 26 متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے نام پر ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین 20 برس سے زائد عرصے سے لندن میں خودساختہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ تاحال اس بات کا فیصلہ نہیں ہوا ہے کہ برطانیہ میں مقیم ایم کیو ایم کے عہدیداران کو منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا یا نہیں۔ چھ برطانوی اہلکاروں نے بھی حال ہی میں منی لانڈرنگ کے اس مبینہ معاملے میں تعاون کے لیے پاکستان کا دورہ کیا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کا کہنا ہے کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کے بینک اکاؤنٹس سے متعلق دعوے بے بنیاد ہیں۔ برطانوی پولیس متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف کئی برسوں سے تحقیقات کر رہی ہے لیکن گذشتہ اپریل میں پاکستان کے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور سیکریٹری داخلہ تھریسا مے کے درمیان لندن میں ہونے والی ملاقات کے بعد سے تحقیقات میں تیزی دیکھی گئی ہے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو جو دستاویزات فراہم کی گئی ہیں ان میں ’آپریشنل‘ اور بند دونوں قسم کے اکاؤنٹس کی تفصیلات شامل ہیں۔ تاہم اسکاٹ لینڈ یارڈ نے اس دستاویز کے بارے میں تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT